اسلام آباد:پی ڈی ایم و جے یو آئی کے سربراہ مولانا فضل الرحمن کی کال پر سپریم کورٹ آف پاکستان کے سامنے احتجاج و دھرنے کے لئے اسلام آباد پہنچنے والے پی ڈی ایم کے کارکنان نے ریڈزون میں داخلے کی کوشش کی تاہم نادرا چوک پر پہنچنے والے کارکنان کو پولیس نے واپس بھیج دیا۔
اسلام آباد پولیس کی جانب سے کارکنان کو مارگلہ روڈ یا ایوب چوک سے ریڈزون میں داخلے کی ہدایت کی گئی۔وفاقی دارالحکومت میں تمام صورتِ حال معمول کے مطابق ہے، مارگلہ چوک مکمل طور پر کھلا ہوا، ٹریفک رواں دواں رہی۔
اسلام آباد کی انتظامیہ کی جانب سے ڈی چوک مکمل طور پر بند کر دیا گیا، سپریم کورٹ کے باہر ایف سی اور پولیس کی بھاری نفری تعینات ہے۔
پی ڈی ایم جماعتوں کے سپریم کورٹ کے باہر احتجاجی دھرنے کے سلسلے میں راولپنڈی میں سکیورٹی ہائی الرٹ رہی۔مری روڈ پر صدر سے فیض آباد تک پولیس کی بھاری نفری تعینات رہی۔
جے یو آئی، ن لیگ اور پیپلز پارٹی کے قافلے براستہ مری روڈ اسلام آباد جائیں گے۔راولپنڈی سے جے یو آئی کا مرکزی قافلہ صدر کے علاقے سے کچھ دیر میں روانہ ہو گا۔احتجاج میں شرکت کرنے کے لئے پیپلز پارٹی کے کارکنان علامہ اقبال پارک کے باہر جمع ہوں گے۔
Comments are closed.