اسلام آباد: قومی اسمبلی نے سپریم کورٹ آف پاکستان کے چیف جسٹس کے خلاف ریفرنس کی تحریک منظور کرلی۔
خبر رساں اداروں کے مطابق اسپیکر راجا پرویز اشرف کی زیر صدارت قومی اسمبلی کا اجلاس ہوا، جس میں چیف جسٹس عمر عطا بندیال کے خلاف مس کنڈکٹ کے الزام میں ریفرنس دائر کرنے کی تحریک منظور کرلی گئی۔
یہ خبر پڑھیں: عدلیہ میں ایک گروہ نے سیاست کرنے کا بیڑا اٹھالیا ہے،خواجہ آصف
اجلاس کے دوران ایوان نے چیف جسٹس کے خلاف ریفرنس کے معاملے پر خصوصی کمیٹی بنانے کے لیے تحریک کی منظوری دی۔
اجلاس میں پیپلز پارٹی کی خاتون رکن قومی اسمبلی شازیہ ثوبیہ سومرو نے چیف جسٹس کے خلاف ریفرنس کے لیے خصوصی کمیٹی تشکیل دینے سے متعلق تحریک پیش کی، جسے ایوان میں کثرت رائے سے منظور کیا گیا۔
تحریک میں کہا گیا کہ ریفرنس کو حتمی شکل دینے کے لیے خصوصی پارلیمانی کمیٹی تشکیل دی جائے گی۔کمیٹی میں مختلف جماعتوں کے ارکان شامل ہوں گے جن میں محسن شاہنواز، خورشید جونیجو، صلاح الدین ایوبی، شہناز بلوچ، صلاح الدین اور دیگر ارکان شامل ہیں۔ کمیٹی چیف جسٹس کے سوا دیگر ججز کے مس کنڈکٹ پر بھی ریفرنس لانے کا جائزہ لے گی۔
علاوہ ازیں اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ عدلیہ میں ایک گروہ نے سیاست کرنے کا بیڑا اٹھالیا ہے، فیصلوں کی بنیاد سیاسی حمایت رکھی گئی ہے۔انہوں نے کہا کہ فیصلے سیاسی بنیادوں پرنہیں،عدل وانصاف کی بنیاد پر ہونے چاہییں۔
Comments are closed.