اتوار 23؍شوال المکرم 1444ھ14؍مئی 2023ء

پی ڈی ایم کے دھرنے کی سیکیورٹی، انصار الاسلام کے رضاکار سپریم کورٹ پہنچ گئے

جمعیت علمائے اسلام کی جانب سے سپریم کورٹ کے باہر احتجاج اور دھرنے کے اعلان کے بعد انصارالاسلام کے رضاکاران سیکیورٹی انتظامات کا جائزہ لینے سپریم کورٹ کے باہر پہنچ گئے۔

رضاکاران کے ریڈ زون میں داخلے کی اطلاع پر تھانہ سیکریٹریٹ پولیس بھی پہنچ گئی۔

تھانہ سیکریٹریٹ کے اہلکاروں کی جانب سے رضاکاران سے معلومات حاصل کی گئیں۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز پی ڈی ایم کی جانب سے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں سپریم کورٹ آف پاکستان کے باہر کل (پیر کو) دھرنا دینے کا اعلان کیا گیا ہے۔

پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے سپریم کورٹ کے باہر دھرنے کے اعلان کے بعد جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی) کے بلوچستان بھر سے قافلے اسلام آباد کی جانب روانہ ہو گئے۔

اس دھرنے میں شرکت کے لیے ملک بھر سے جے یو آئی ف کے قافلوں کی اسلام آباد کی جانب روانگی جاری ہے۔

پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن نے تمام سیاسی جماعتوں کو سپریم کورٹ کے خلاف احتجاج میں شرکت کی دعوت دی ہے۔

اپنے ویڈیو پیغام میں انہوں نے کہا ہے کہ ایک مجرم کو یک طرفہ تحفظ اور وی آئی پی پروٹوکول دیا جارہا ہے، عوام اور کارکنوں کو دعوت دے رہے ہیں کہ پیر کی صبح شاہراہِ دستور پہنچیں اور دھرنا دیں۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.