ہفتہ 22؍شوال المکرم 1444ھ13؍مئی 2023ء

الیکشن کیلئے تیار ہیں، سیاسی مخالفین کو ووٹ کی طاقت سے ہرائیں گے، بلاول بھٹو زرداری

چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ پی پی الیکشن کےلیے تیار ہے، ہم اپنے سیاسی مخالفین کو ووٹ کی طاقت سے ہرائیں گے۔ صوبائی حکومت اور بلدیاتی انتخابات میں جیت کے بعد وفاق بھی پیپلز پارٹی کا ہوگا۔ 

کراچی میں آئی آئی چندریگر روڈ پر جلسے سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ بلدیاتی الیکشن تاریخی الیکشن تھے، کراچی سے کشمور تک جیالوں کی حکومت ہوگی۔

چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ کراچی میں تقسیم کی سیاست چلتی تھی۔ جیالوں نے نفرت اور تقسیم کی سیاست کو دفن کردیا۔

بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ سندھ ایک ہے ایک تھا اور ہمیشہ ایک رہے گا۔

انہوں نے کہا کہ پورے ملک میں تقسیم اور نفرت کی سیاست کو دفن کریں گے۔ ہم پہلے بھی چاروں صوبوں کی زنجیر تھے، آج بھی ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی الیکشن لڑنا بھی جانتی ہے اور جیتنا بھی جانتی ہے، ہم الیکشن سے نہیں ڈرتے، پیپلز پارٹی الیکشن کےلیے تیار ہے۔ ہم اپنے سیاسی مخالفین کو ووٹ کی طاقت سے ہرائیں گے۔

چیئرمین پی پی پی نے کہا کہ قائد عوام کی پھانسی پر آگ لگائی تو کارکنوں نے خود کو لگائی تھی۔ جو ظلم پیپلز پارٹی کے جیالوں نے دیکھا اس کا سامنا کسی نے نہیں کیا۔

بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ اسی شہر کراچی میں ذوالفقار علی بھٹو کا بیٹا قتل ہوا لیکن قانون ہاتھ میں نہیں لیا گیا۔ اپنے عزیزوں کے قتل پر بھی قانون کی خلاف ورزی نہیں کی۔

انہوں نے کہا کہ ذوالفقار علی بھٹو جب عدالتوں میں پیش ہوئے تو کسی نے ’گڈ ٹو سی یو‘ نہیں کہا۔ بےنظیر بھٹو لاڑکانہ کی عدالتوں میں پیش ہوتی رہیں، آصف زرداری پر ظلم ہوا تو ایسے چیف جسٹس کہاں تھے؟

ان کا کہنا تھا کہ یہ جو سیاسی دہشتگرد ہیں ان کے ساتھ تو کچھ ہوا ہی نہیں، یہ اب تک لاڈلے ہیں، ابھی تک ان کے سہولت کار موجود ہیں۔

انہوں نے کہا کہ یہ خود کو بہادر لیڈر کہتا ہے لیکن بالٹی پہنے بغیر گھر سے نکل نہیں سکتا۔ اس نے ایک رات بھی جیل میں نہیں گزاری۔ کپتان ایک رات بھی گیسٹ ہاؤس میں برداشت نہیں کرسکا۔

ان کا کہنا تھا کہ جیل کے خوف سے انہوں نے پورے پاکستان کو جلادیا۔ کہتا ہے جج صاحب مجھے رہا کرو، میں پورے دن باتھ روم نہیں گیا۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ بالٹی والے لیڈر نے اپنی ذات کے خاطر پاکستان کو نقصان پہنچایا۔ عمران خان نے جیل کے خوف میں اداروں پر حملہ کیا۔

انہوں نے سوال کیا کہ کے ایم سی کے ٹینکر اور ریڈ بس نے عمران خان کا کیا بگاڑا تھا کہ انہیں جلادیا گیا؟ عمران خان اس قدر بزدل ہیں کہ جہاں فریال تالپور اور آصف زرداری کو بھیجا وہاں جانے سے ڈرتے ہیں۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ صوبائی حکومت اور بلدیاتی انتخابات میں جیت کے بعد وفاق بھی پیپلز پارٹی کا ہوگا۔ 

انہوں نے یہ بھی کہا کہ پیپلز پارٹی کی ترجیحات بلدیاتی نمائندوں کے سامنے رکھنا چاہتا ہوں، بلدیاتی انتخابات میں صحت ترجیح ہے۔ بلدیاتی انتخابات میں فتح کے بعد اختیارات نچلی سطح تک پہنچائیں گے۔ پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت اسپتالوں کے نظام کو نچلی سطح پر لے کر جائیں گے۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ بلدیہ کے صحت کے اداروں کو بہتر کریں گے، این جی اوز کے اشتراک سے تعلیمی اداوں کو بہتر کریں گے، تعلیمی اداروں کو نجی تعلیمی اداروں جیسا بنائیں گے، ٹرانسپورٹ اور سولڈ ویسٹ منیجمنٹ کو عوام کی گلیوں تک پہنچائیں گے۔

انہوں نے بتایا کہ غربت کا مقابلہ کرنے کےلیے بلاسود قرضوں کی فراہمی یقینی بنائیں گے۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.