اتوار 23؍شوال المکرم 1444ھ14؍مئی 2023ء

وزیراعظم کی جناح ہاؤس کے حملہ آوروں کو 72 گھنٹوں میں گرفتار کرنے کی ہدایت

وزیراعظم شہباز شریف نے جناح ہاؤس کے حملہ آوروں کو 72 گھنٹوں میں گرفتار کرنے کی ہدایت کردی۔

وزیراعظم نے کہا کہ جن افراد نے اشتعال دلایا، مدد کی اور آگ بھڑکانے میں حصہ ڈالا، سب کے خلاف کارروائی ہوگی، اگلے 72 گھنٹوں میں تمام مجرموں اور حملہ آوروں کو گرفتار کیا جائے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ 9 مئی کو پاکستان کی تاریخ کے بھیانک واقعات ہوئے، عمران نیازی اور ان کا جتھا پاکستان کے دشمنوں سے کم نہیں۔

وزیراعظم نے کہا ہے کہ کور کمانڈر ہاؤس، تاریخی جناح ہاؤس جل چکا ہے اور مکمل طور پر تباہ ہوگیا ہے، ان واقعات پر پوری قوم غمگین ہے، دہشت گردی کے واقعات میں ملوث افراد کو قانون کے مطابق سزا دی جائے گی۔

پنجاب کے محکمۂ داخلہ نے لاہور کے جناح ہاؤس جلانے میں ملوث افراد کی تصاویر جاری کر دیں۔

انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کی منصوبہ بندی کرنے والوں کے خلاف بھی کارروائی ہوگی اور قانون اپنے آہنی ہاتھوں سے ان لوگوں کو اپنی گرفت میں لے گا۔

شہباز شریف نے کہا کہ اس طرح کا کوئی کام پاکستانی نہیں سوچ سکتا، یہ بدترین حرکت کرنے والوں کو آئین اور قانون میں درج سزائیں دی جائیں گی۔

وزیراعظم نے کہا کہ حملے کی منصوبہ بندی اور حملہ آوروں کو ڈنڈے، سریے اور اسلحہ دینے والوں سے آہنی ہاتھ سے نمٹا جائے گا، جو کام شرپسند 75 برس میں نہ کر سکے وہ پی ٹی آئی کے شرپسندوں نے کیا۔

انہوں نے کہا کہ منصوبہ بندی کے تحت سرکاری املاک کو نقصان پہنچایا گیا، شہیدوں اور غازیوں کی یادگاروں کی بےحرمتی کی گئی، ان شرپسندوں کے خلاف انسداد دہشتگردی عدالتوں میں مقدمات چلائے جائیں۔

شہباز شریف نے کہا کہ وزیرِ قانون انسدادِ دہشت گردی کی عدالتوں کی تعداد بڑھائیں، شرپسندوں کو سزائیں دینے کے لیے اگر راتوں کو انسدادِ دہشتگردی کورٹس چلانی پڑیں تو چلائی جائیں۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ پولیس اور انتظامیہ شرپسندوں کو فی الفور گرفتار کرے، خانہ پوری قابل قبول نہیں، تمام شرپسندوں کو بلاتفریق گرفتار کیا جائے، پی ٹی آئی کے جتھوں نے پولیس اور سیکیورٹی اہلکاروں کو نشانہ بنایا۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.