عمران خان کی گرفتاری کیخلاف کراچی میں بھی پی ٹی آئی کارکنان کے احتجاج کے دوران گلستان جوہر اور نرسری میں پرتشدد مظاہرین سے پولیس اور رینجرز اہلکاروں کی آنکھ مچولی ہوئی۔ جلاؤ گھیراؤ اور پتھراؤ میں ملوث مزید درجنوں افراد کو گرفتار کرلیا گیا۔
کل سے اب تک ہنگامہ آرائی میں ملوث 300 افراد کو حراست میں لیا گیا ہے جبکہ چار مقدمات بھی درج کئے گئے ہیں۔
عمران خان کی گرفتاری کے بعد کراچی میں پی ٹی آئی کارکنوں کا احتجاج جاری ہے۔ گلستان جوہر میں ڈالمیا اور راشد منہاس روڈ پر پی ٹی کارکنان کی پولیس اور رینجرز اہلکاروں کے ساتھ آنکھ مچولی کافی دیر تک جاری رہی۔
مظاہرین کی جانب سے پولیس پر پتھراؤ کیا گیا جبکہ پولیس نے جواب میں آنسو گیس کی شیلنگ کی۔ جس کے دوران مظاہرین قریبی نجی سوسائٹی میں داخل ہوگئے۔
ملینئم مال اور اس کے اطراف ہنگامہ آرائی میں ملوث خواتین کارکنان سمیت 40 سے زائد افراد کو گرفتار کیا گیا۔ پی ٹی آئی کارکنوں کی جانب سے نرسری کے مقام پر بھی پرتشدد احتجاج کیا گیا۔
پولیس کی جانب سے یہاں بھی مظاہرین کو منتشر کرنے کیلئے شیلنگ کی گئی جبکہ خواتین کارکنان سمیت 28 افراد کو حراست میں لیا گیا۔ کل سے جاری مظاہروں کے دوران پولیس نے 4 مقدمات درج کرلیے ہیں۔
مقدمات میں آفتا ب صدیقی، خرم شیر زمان، حلیم عادل سمیت مختلف رہنماؤں اور کارکنان کو نامزد کیا گیا ہے، مجموعی طور پر تقریباً 300 افراد کو حراست میں لیا جاچکا ہے۔
Comments are closed.