
ارجنٹائن کے اسٹار فٹبالر لیونل میسی کے سعودی عرب کے الہلال کلب سے معاہدے کی بڑھتی ہوئی افواہوں کے بعد اب ان کے والد نے بیان جاری کردیا۔
غیرملکی میڈیا کے مطابق لیونل میسی کے والد جارج میسی نے سعودی عرب کے الہلال کلب سے معاہدے کی افواہوں کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ میسی نے اگلے سیزن میں سعودی عرب میں کھیلنے کے معاہدے پر دستخط کیے ہیں اور نہ ہی اس پر رضامندی ظاہر کی ہے۔
لیونل میسی کے والد جارج نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ ’اگلے سال کے لیے کسی بھی کلب کے ساتھ ابھی کچھ طے نہیں ہوا ہے، میسی کے پی ایس جی کے ساتھ لیگ سیزن ختم کرنے سے پہلے یہ فیصلہ کبھی نہیں کیا جائے گا‘۔
غیرملکی میڈیا کے مطابق گزشتہ ہفتے یہ افواہیں بھی سامنے آئی تھیں کہ لیونل میسی کو الہلال کلب کی طرف سے اب تک کی سب سے مہنگی پیش کش کی گئی ہے جو کہ تقریباً 40 کروڑ ڈالر سالانہ ہے۔
برطانوی اخبار ڈیلی ایکسپریس کے مطابق میسی اس وقت فرانس کے کلب پیرس سینٹ جرمین (پی ایس جی) کے لیے کھیل رہے ہیں۔
واضح رہے کہ 2021 میں میسی نے پی ایس جی کے ساتھ 2 سال کا معاہدہ کیا تھا جو رواں برس ختم ہوجائے گا۔
یاد رہے کہ دنیائے فٹبال کے ایک اور مشہور پرتگال کے کرسٹیانو رونالڈو نے 2025 تک سعودی کلب النصر کے لیے کھیلنے کے معاہدے پر دستخط کیے ہوئے ہیں۔
Comments are closed.