کےالیکٹرک نے کراچی میں بجلی کی غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ شہر میں بجلی کی فراہمی معمول کے مطابق ہے۔
امتحانی مراکز میں لوڈشیڈنگ سے متعلق خبروں کے بارے میں بات کرتے ہوئے ترجمان کےالیکٹرک نے بتایا کہ متعلقہ ادارے کی جانب سے کےالیکٹرک کو امتحانی مراکز کی فہرست فراہم نہیں کی گئی۔
ترجمان کےالیکٹرک نے مزید کہا کہ ماضی میں بھی امتحانات کے حوالے سے کےالیکٹرک کی جانب سے ہر ممکن تعاون فراہم کیا جاتا رہا ہے۔ امتحانی مراکز کی لسٹ کی فراہمی پر کےالیکٹرک کی جانب سے نظرثانی کی جاسکتی ہے۔
ترجمان کےالیکٹرک نے مزید بتایا کہ شہر کے تقریباً 75 فیصد علاقے میں بجلی کی لوڈشیڈنگ نہیں کی جا رہی ہے اور بجلی کی فراہمی معمول کے مطابق ہے۔
ترجمان کے مطابق کراچی کے کچھ علاقوں میں ریکوری کے مسائل درپیش ہیں، یا کنڈوں کے ذریعے چوری کی شرح بہت زیادہ ہے۔ جن علاقوں میں ریکوری کے مسائل ہیں یا کنڈے ہیں وہاں کےالیکٹرک کی ویب سائٹ پر دیے گئے شیڈول کے مطابق لوڈشیڈنگ کی جاتی ہے۔
بجلی کی مسلسل فراہمی کے لئے بلوں کی بروقت ادائیگی نہایت ضروری ہے۔ اسی طرح کنڈوں کے استعمال سے سیفٹی کے مسائل اور بجلی کے سپلائی نظام میں خلل پیدا ہوتا ہے، جس سے مقامی فالٹس میں بھی اضافہ ہوتا ہے، جسے لوڈشیڈنگ سے تشبیہ دینا درست نہیں۔
ترجمان کےالیکٹرک نے کہا ہے کہ کمپنی اپنی تمام پیداواری ذرائع بروئے کار لاتے ہوئے ڈیمانڈ کے مطابق بجلی کی فراہمی جاری رکھے ہوئے ہے۔
Comments are closed.