یوٹرنز اور اداروں پر مذموم حملے آپ کی سیاست کا تعارف ہے، وزیرِ اعظم شہباز شریف کا عمران خان کے بیان پر ردعمل
وزیرِ اعظم شہباز شریف نے عمران خان کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ کوئی شک نہیں کہ سفید جھوٹ، غلط بیانیاں آپ کی سیاست کا تعارف ہیں۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری کیے گئے بیان میں وزیرِ اعظم نے کہا کہ یوٹرنز اور اداروں پر مذموم حملے آپ کی سیاست کا تعارف ہے۔
انہوں نے کہا کہ آپ کا رویہ عدلیہ کو اپنی خواہشات کے حق میں جھکانا اور ’قانون مجھ پر لاگو نہیں ہوتا‘ جیسا ہے۔
شہباز شریف کا کہنا ہے کہ میں آپ سے یہ جوابی سوال پوچھتا ہوں، کیا وزیرآباد واقعے سے پہلے سے آپ پاک فوج کی قیادت پر مسلسل کیچڑ اچھالنے کا سلسلہ جاری نہیں رکھے ہوئے؟
وزیرِ اعظم نے کہا کہ اقتدار سے محروم ہونے کے بعد بار بار پاک آرمی کو بطور ادارہ بدنام کرنا آپ کی سیاست کا طریقہ کار رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہر روز دھمکانے، بےبنیاد الزام لگانے کے سوا آپ نے کون سا قانونی طریقہ کار اپنایا؟ آپ نے وفاقی حکومت کی طرف سے کی گئی تعاون کی پیشکش ٹھکرا دی۔
شہباز شریف کا کہنا ہے کہ آپ نے قانونی کارروائی کا بائیکاٹ کردیا، کبھی سچائی کی کھوج میں کوئی دلچسپی تھی، قابل مذمت واقعے کو آپ نے اپنے گھٹیا سیاسی مقاصد کے لیے استعمال کیا۔
Comments are closed.