منگل18؍شوال المکرّم 1444ھ9؍مئی 2023ء

ایتھوپیئن ایئر کی 19 سال بعد کراچی کیلئے پہلی پرواز، وزیراعلیٰ نے استقبال کیا

افریقا میں ایئر لائنز کے سب سے بڑے نیٹ ورک ایتھوپیا ایئر لائنز کی پاکستان کے بڑے شہر کراچی کیلئے 19 سال بعد پہلی براہ راست پرواز نے آج صبح مقررہ وقت پر جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر لینڈ کیا، وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ اور وفد نے اولڈ ٹرمینل پر پرواز کو خوش آمدید کہا۔

صوبائی وزرا شرجیل میمن، ناصر شاہ، اکرام اللّٰہ دھاریجو اور مرتضیٰ وہاب بھی وزیراعلیٰ کے ہمراہ تھے۔

عدید ابابا سے کراچی کیلئے پہلی پرواز میں ایتھوپیا کے اسٹیٹ منسٹر سمیت تین وزیر مملکت، ان کی وزارتوں کے اعلیٰ افسران، سفارتکاروں اور تجارتی وفد سمیت 110 مسافر کراچی پہنچے، مہمانوں اور پرواز کا روایتی اور والہانہ استقبال کیا گیا۔

ایتھوپیا نے کراچی کیلئے پہلی بار جولائی 1966 براہ راست پروازوں کا آغاز کیا تھا جو دسمبر 1971 تک جاری رہا، جس کے بعد دوبارہ جون 1993 سے جولائی 2004 تک یہ سروس جاری رہی۔

ایوی ایشن ذرائع کے مطابق اب تیسری بار یہ سلسلہ لگ بھگ دو دہائی بعد آج 9 مئی سے شروع ہوا ہے۔

ایتھوپین ایئر لائن نے لگ بھگ 4 گھنٹے 25 منٹ دورانیہ کی اس پرواز کیلئے برانڈ نیو بوئنگ 737 میکس 8 طیارہ استعمال کیا ہے۔

کراچی کیلئے پہلی براہ راست پرواز ای ٹی 694 ادیس ابابا سے اگرچہ 52 منٹ کی تاخیر سے روانہ ہوئی تاہم پرواز مقررہ وقت سے ایک منٹ قبل صبح 5 بجکر 4 منٹ پر کراچی کے جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ اتری۔

یہی طیارہ پرواز ای ٹی 695 کے طور پر عدیس ابابا روانہ ہورہا ہے، ایتھوپین ایئر لائن کی عدیس ابابا سے کراچی کیلئے ہفتے میں 4 پروازیں چلائی جائیں گی۔

پاکستان میں ایتھوپیںن سفیر جمال بیکر نے گذشتہ روز کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے براہ راست پروازوں سے ایتھوپیا اور پاکستان کے درمیان تجارت اور سیاحت کا فروغ قرار دیا۔

انہوں نے شکریہ ادا کیا کہ حکومت پاکستان نے فضائی رابطوں کی بحالی کے لیے کلیدی کردار ادا کیا۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.