پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما فواد چوہدری نے وزیر اعظم اور سابق صدر کے بیانات پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ شہباز شریف اور آصف زرداری کے بیانات حیران کن ہیں۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری کیے گئے بیان میں فواد چوہدری نے کہا کہ اسٹیبلشمنٹ کی بیساکھی پر کھڑے دونوں لیڈرز کو احساس نہیں وہ کیا کر رہے ہیں۔
فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ اس ملک میں قانون کی حکمرانی کے ہر عنصر کو دفن کر دیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان پر قاتلانہ حملے کے نامزد ملزمان سے تفتیش بنیادی بات ہے اس سے انکار قانون کو دفن کرنے کے مترادف ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز ایک بیان میں پاکستان پیپلز پارٹی پارلیمنٹرینز کے سربراہ اور سابق صدر آصف علی زرداری نے کہا تھا کہ ایک شخص اداروں کو بدنام کرنے کی ہر حد کو عبور کر چکا ہے جسے اب مزید برداشت نہیں کیا جائے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ بس بہت ہوگیا، غیرملکی ایجنٹ کی گزشتہ روز کی تقریر سننے کے بعد کوئی محب وطن اس کی پیروی کرنے کا اب سوچ بھی نہیں سکتا۔
لندن میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شہباز شریف کا کہنا تھا کہ عمران خان نے انگلینڈ کے علاوہ نیوزی لینڈ تک میں میرے خلاف شواہد اکٹھے کرنے کی کوشش کی، کیس میں میری بریت پورے پاکستان کی فتح ہے۔
شہباز شریف نے کہا تھا کہ عمران خان نے میرے خلاف ہر حربہ استعمال کیا لیکن ناکامی ہوئی، عمران خان سر سے پاؤں تک جھوٹے مکار آدمی ہیں، ان کا جھوٹ قوم کے سامنے آرہا ہے۔
Comments are closed.