پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم کا کہنا ہے کہ کلین سوئپ کی کوشش تھی لیکن ابتدائی وکٹیں جلد گرنے سے ہدف تک نہیں پہنچ سکے۔
کراچی میں کھیلے گئے سیریز کے آخری ون ڈے میں نیوزی لینڈ کے ہاتھوں شکست کے بعد پریس کانفرنس میں بابر اعظم نے کہا کہ سیریز بہت اچھی رہی، اچھی خبریں بھی ملیں۔
بابر اعظم کا کہنا تھا کہ ورلڈ کپ سے قبل جتنے بھی میچ ملیں میگا ایونٹ کی تیاری کا اچھا موقع ملے گا۔
انہوں نے کہا کہ امام الحق کا ٹوئٹ نہیں دیکھا، دیکھوں گا اُنہوں نے کیا ٹوئٹ کیا ہے۔
بابر اعظم نے کہا کہ مجھے نہیں بتایا گیا کہ ورلڈ کپ تک کپتان برقرار رہیں گے۔
سوال کے جواب میں بابر اعظم کا کہنا تھا کہ کسی بھی ٹیم سے یہ دیکھ کر نہیں کھیلتے کہ ان کے سینئر کھلاڑی آئے یا نہیں۔
پاکستانی کپتان نے کہا کہ رضوان نے اپنی خواہش کا اظہار کیا تھا، کوئی کھلاڑی ایسا نہیں جو یہ کہے کہ وہ فلاں پوزیشن پر نہیں کھیلے گا۔
بابر اعظم کا مزید کہنا تھا کہ ریکارڈ بنا کر آرام سے نہیں بیٹھتا بلکہ مزید محنت کرتا ہوں۔
Comments are closed.