حافظ نعیم الرحمٰن کا کہنا ہے جماعت اسلامی 8 سیٹوں پر جیت چکی تھی لیکن دھاندلی کی گئی، فارم 11 کا جائزہ لینے کی یقین دہانی پر احتجاج ختم کیا ہے، جعلی نتائج قبول نہیں کریں گے۔
جماعت اسلامی کی جانب سے نتیجہ بدلنے کا الزام لگاتے ہوئے احتجاجی مظاہرہ کیا گیا اور سخت نعرے بازی کی گئی۔
امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم نے کہا کہ آج دوپہر ایک بجے فارم 11 کا جائزہ لینے کی یقین دہانی پر احتجاج ختم کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے الیکشن کمیشن کے ساتھ مل کر نتیجے بدلے، جعلی نتائج کسی صورت قبول نہیں کریں گے۔
ترجمان جماعت اسلامی کا کہنا تھا کہ مختلف واقعات میں مخالفین کے حملوں میں جماعت اسلامی کے 7 کارکن زخمی ہوئے ہیں۔
واضح رہے کہ غیر سرکاری غیر حتمی نتائج کے مطابق کراچی میں بلدیاتی ضمنی انتخابات کا میدان پیپلز پارٹی نے مار لیا ہے، یوسیز کی 11 نشستوں میں سے 7 پر اور وارڈز کی تمام 15 نشستوں میں سے 7 پر پیپلز پارٹی جیت گئی ہے۔
غیر سرکاری غیر حتمی نتائج کے مطابق یوسی کی 4 نشستوں پر جماعت اسلامی کامیاب ہوئی، مجموعی طور پر کراچی کی 246 یوسی نشستوں میں سے 98 پر جیت کر پیپلز پارٹی کا پہلا نمبر ہے جبکہ 89 نشستوں کے ساتھ جماعت اسلامی دوسرے اور 42 نشستوں کے ساتھ تحریک انصاف تیسرے نمبر پر ہے۔
Comments are closed.