افریقہ میں ایئرلائنز کے سب سے بڑے نیٹ ورک ایتھوپیا ایئر لائنز نے پاکستان کےلیے براہ راست پروازوں کا آغاز کردیا ہے۔
ایتھوپیئن ایئر لائنز کی عدیس ابابا سے کراچی کےلیے 19 سال بعد پہلی براہ راست پرواز منگل کی صبح پہنچے گی۔
ایتھوپیا نے کراچی کیلئے پہلی بار جولائی 1966 براہ راست پروازوں کا آغاز کیا تھا۔ جو دسمبر 1971 تک جاری رہا۔ جس کے بعد جون 1993 سے جولائی 2004 تک سروس دوبارہ جاری رہی۔
ایوی ایشن ذرائع کے مطابق اب تیسری بار یہ سلسلہ لگ بھگ دو دہائی بعد آج 8 مئی سے شروع ہو رہا ہے۔ ایتھوپین ایئر لائن کی کراچی کےلیے پہلی براہ راست پرواز ای ٹی 694 ادیس ابابا سے مقامی وقت کے مطابق رات 9 بجکر 45 منٹ پر روانہ ہوگی جو 9 مئی کی صبح 5 بجکر 5 منٹ پر کراچی پہنچے گی۔
کراچی سے ادیس ابابا کےلیے پہلی پرواز ای ٹی 695 صبح پانچ بجکر پچپن منٹ پر شیڈول ہے۔
ایتھوپین ایئر لائن کی عدیس ابابا سے کراچی کےلیے ہفتے میں 4 پروازیں چلائی جائیں گی۔
ایتھوپیئن ایئرلائنز گروپ کے سی ای او میسفن تسیو کا کہنا ہے کہ "ہم آخری بار خدمات انجام دینے کے تقریباً دو دہائیوں کے بعد کراچی واپس آنے کیلئے پرجوش ہیں۔”
انہوں نے کہا ہے کہ پاکستان کے سب سے زیادہ آبادی والے شہر کے طور پر کراچی پاکستان اور وسیع تر جنوبی ایشیا کے خطے کے لیے ایک اہم گیٹ وے ہوگا۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کو افریقہ سے ملانے والی واحد پرواز کے طور پر کراچی کے لیے منصوبہ بند سروس دونوں خطوں کے درمیان سفارتی اور اقتصادی تعلقات کو مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کرے گی۔
سی ای او میسفن تسیو نے کہا کہ یہ افریقہ میں پاکستانی سرمایہ کاروں کی بڑھتی ہوئی تعداد کے ساتھ ساتھ سیاحوں کو بھی آسان ہوائی رابطہ فراہم کرے گا۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ کراچی ایشیا میں ایتھوپیئن ایئر لائنز کی 37 ویں منزل ہوگی۔ اس سے قبل ایتھوپیا ایئر لائن 145 سے زیادہ ملکی اور بین الاقوامی مسافر اور کارگو پروازیں آپریٹ کر رہا ہے۔
Comments are closed.