پیر17؍شوال المکرم 1444ھ 8 مئی 2023ء

سندھ حکومت کے کاموں کی وجہ سے پیپلز پارٹی نے کراچی میں اپنی جگہ بنائی، سعید غنی

پیپلز پارٹی کراچی کے صدر سعید غنی کا کہنا ہے سندھ حکومت کے کاموں کی وجہ سے پیپلز پارٹی نے کراچی میں اپنی جگہ بنائی ہے، جماعت اسلامی بوکھلاہٹ کا شکار ہے، اُسے سب سے بڑی تکلیف لیاری کی سیٹ پر ہے۔

پیپلز پارٹی کراچی ڈویژن کے صدر سعید غنی نے وقار مہدی اور دیگر رہنماؤں کے ساتھ پریس کانفرنس کی، سینٹر وقار مہدی کا کہنا تھا کہ حیدرآباد سمیت سندھ بھر میں کامیاب ہونے والے امیدواروں کو مبارکباد دیتا ہوں۔

چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو نے ضمنی بلدیاتی الیکشن میں پارٹی کی کامیابی پر اظہار تشکر کیا ہے۔

وقار مہدی نے کہا کہ جماعت اسلامی ہمیشہ آمریت کی چھتری کے نیچے کامیاب ہوتی رہی، یہ کبھی جمہوری ادوار میں کامیاب نہیں ہوئی۔

سعید غنی کا کہنا تھا جن یونین کونسلز میں جیتے وہاں ہمارے کارکنوں نے بہت محنت کی، جماعت اسلامی کیوں سمجھتی ہے کہ وہ کراچی کی ہر نشست جیت لے گی۔

انہوں نے کہا کہ لوگ ووٹ ڈال رہے تھے تو پی ٹی آئی نے نتائج بدلنے کے الزامات لگانا شروع کر دیے۔

سعید غنی نے الزام عائد کیا کہ جماعت اسلامی کا طرز عمل غیر سیاسی ہے، انہوں نے غنڈہ گردی کی، ہمارے 3 کارکن زخمی ہوئے ہیں کئی کارکنوں پر تشدد کیا گیا۔

پیپلز پارٹی کراچی کے صدر نے کہا کہ تصادم یا جھگڑے ہوئے ان پر قانونی کارروائی کریں گے، ایسٹ میں خاتون پریزائیڈنگ افسر کی گاڑی کو نقصان پہنچایا گیا۔

پی پی رہنما کا کہنا تھا کہ ہم چاہتے ہیں کہ تمام جماعتوں کے ساتھ مل کر بیٹھیں، ہمارا مینڈیٹ تسلیم کیا جائے، پیپلز پارٹی کراچی کی ایک حقیقت ہے۔

سعید غنی نے کہا کہ سندھ حکومت کے کاموں کی وجہ سے پیپلز پارٹی نے کراچی میں اپنی جگہ بنائی ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ الخدمت کے فطرہ زکوٰۃ کے پیسوں سے ہونے والے کاموں کو جماعت اسلامی نے اپنی مہم میں استعمال کیا۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.