اتوار 16؍شوال المکرم 1444ھ7؍مئی 2023ء

چھوٹا قرآن کریم اور لاش دیکھ کر اسلام قبول کرنیوالا البانوی خاندان

البانیہ کے ایک مسیحی خاندان نے زمین میں دفن سالم لاش اور چھوٹے قرآن کریم کو دیکھ کر ماضی میں اسلام قبول کیا تھا۔

ایک رپورٹ کے مطابق یہ خاندان ملک میں ماضی میں ہونے والے انتشار اور جنگوں کے دوران زمین سے ملنے والے اس نایاب قرآن کریم کے نسخے کی نسل در نسل حفاظت کرتا آ رہا ہے۔

اس خاندان کے 45 سالہ فرد ماریو بروشی نے اپنے ایک انٹرویو میں میڈیا کو بتایا کہ ’میرے پڑ پڑ دادا کوسووو کے شہر جاکوویکا میں ایک نئے گھر کے لیے زمین کھود رہے تھے جب انہیں وہاں دفن ایک شخص کی بالکل سالم لاش اور ایک انتہائی چھوٹا قرآن اُس کے دل کی جگہ پر رکھا ہوا ملا‘۔

اُنہوں نے بتایا کہ ’قرآن پاک اور لاش کو یوں بالکل محفوظ حالت میں ملنا ہمارے خاندان کے لیے خدا کا ایک معجزہ تھا جس سے پورا خاندان ہی متاثر ہوا اور اس نے اسلام قبول کرنے کا فیصلہ کر لیا‘۔

ماریو بروشی نے ایک واقعے کا ذکر کرتے ہوئے بتایا کہ ’ایک بار کسی نے خفیہ طور پر پولیس کو اطلاع دے دی تھی کہ ہمارے گھر میں قرآن موجود ہے مگر چونکہ یہ قرآن کافی چھوٹا ہے اس لیے میرے والد اسے چھپانے میں کامیاب ہو گئے‘۔ 

اُنہوں نے بتایا کہ ’پولیس والوں نے پورا گھر تہس نہس کر دیا مگر قرآن کو ڈھونڈنے میں ناکام رہے، جس کے بعد آج تک ہم اس قرآن کی حفاظت کا اہتمام نسل در نسل پوری لگن سے کرتے آ رہے ہیں‘۔

ماریو بروشی نے یہ بھی بتایا کہ ’اس چھوٹے سے قرآن کریم کے نسخے میں بہت سی کہانیاں، برکات اور معجزات ہیں‘۔

ماریو کی اہلیہ قرآنِ کریم کے حوالے سے کہتی ہیں کہ ’جب بھی میں اسے چھوتی  ہوں، میں خود کو محفوظ سمجھتی ہوں‘۔

انہوں نے بتایا کہ ’قرآن ہمارے لیے خوش قسمتی لایا ہے، جب بھی میری بیٹیاں بیمار ہوتی ہیں یا کچھ بھی برا ہوتا ہے تو بھی ہمیں پریشانی نہیں ہوتی کیونکہ ہمیں یہ یقین ہے کہ قرآن ہماری حفاظت کرے گا‘۔

واضح رہے کہ اس چھوٹے قرآن کریم کے حصول کے لیے اس خاندان کو اب تک کئی پیشکشیں موصول ہو چکی ہیں، جن میں سے کچھ عجائب گھروں سے آئیں لیکن اس خاندان نے تمام آفرز کو ٹھکرا دیا۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.