اتوار 16؍شوال المکرم 1444ھ7؍مئی 2023ء

لندن: نواز شریف کے نام پر نامعلوم افراد کے 3 گاڑیاں رجسٹر کرانے کا انکشاف

لندن میں مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف کے نام پر نامعلوم افراد نے 3 گاڑیاں رجسٹر کرا لیں۔

اس حوالے سے نواز شریف لندن آفس نے بیان جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ سٹی آف لندن پولیس نے معاملے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔

نواز شریف آفس سے جاری ہونے والے بیان میں کہا گیا ہے کہ اس کام کا مقصد جرائم کر کے ان کا تعلق نواز شریف سے جوڑنا ہو سکتا ہے۔

نواز شریف لندن آفس کے خرم بٹ نے پولیس کو خدشات سے آگاہ کر دیا ہے۔

خرم بٹ نے کہا ہے کہ نواز شریف کے نام رجسٹر گاڑیاں دہشت گردی اور دھوکا دہی میں استعمال ہو سکتی ہیں، گاڑیوں کی تفصیل متعلقہ محکمے ڈی وی ایل اے نے ایون فیلڈ کو بھیجیں۔

خرم بٹ کے مطابق مارچ میں نواز شریف آفس نے ڈی وی ایل اے کو فراڈ سے آگاہ کر دیا تھا، اپریل 2023ء میں ایک اور گاڑی نواز شریف کے نام پر رجسٹر ہوئی، ان کے نام تیسری گاڑی کا ٹریفک جرمانے کے وقت پتہ چلا۔

خرم بٹ کا کہنا ہے کہ دوسروں کے نام پر گاڑی رجسٹر کرانے والے جلد پکڑے جائیں گے، پولیس کو بتایا ہے کہ پی ٹی آئی کے سپورٹرز اس فراڈ میں ملوث ہو سکتے ہیں۔

اس حوالے سے لندن پولیس کا کہنا ہے کہ نواز شریف لندن آفس کی گاڑیوں کی رجسٹریشن سے متعلق شکایت پر تحقیقات کر رہے ہیں۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.