امیرِ جماعتِ اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمٰن نے اپیل کی ہے کہ کراچی کی جن یوسیز میں آج ضمنی بلدیاتی انتخاب ہے وہاں شہری اپنے گھروں سے نکل کر ووٹ کاسٹ کریں۔
آج جاری کیے گئے اپنے ویڈیو پیغام میں انہوں نے کہا ہے کہ یہی راستہ جس کے نتیجے میں کراچی میں ڈیولپمنٹ کے امکانات موجود ہیں، یا تو ہم اسی طرح سے کھنڈرات میں رہیں گے جن میں شہر کو تبدیل کر دیا گیا ہے، رات ہی ایک بچہ گٹر میں ڈوب گیا اس لیے کہ ایڈمنسٹریٹر ڈھکن فراہم نہیں کرتے۔
حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا کہ ہمارے جو چیئرمین اور وائس چیئرمین منتخب ہو گئے ہیں ابھی تک ان کا حلف نہیں ہوا ہے، سسٹم جام ہو چکا ہے، آج ہی موقع ہے کہ ضمنی انتخاب کے بعد میئر کے انتخاب کا پروسس آگے بڑھے۔
ان کا شہریوں سے کہنا ہے کہ اگر آپ گھروں سے ووٹ ڈالنے نکلیں گے تو ہمارے حالات بدل سکتے ہیں، مقابلہ بہت واضح ہے، ایک طرف جماعتِ اسلامی ہے اور دوسری طرف سندھ حکومت ہے، اپنے ووٹ کو تقسیم نہ کریں اور بڑے پیمانے پر ووٹ ڈالنے کے لیے نکلیں۔
امیرِ جماعتِ اسلامی کراچی نے کہا کہ الحمد للّٰہ ہمارے پولنگ ایجنٹس اور کارکنوں نے بڑی محنت و جدوجہد کی ہے اور لوگوں سے رابطہ کیا ہے، آج صبح ایک دو جگہ واقعات ہوئے جن پر ہمارے ذمے داران نے انتظامیہ سے رابطہ کر کے ان حالات کو کنٹرول کیا ، اس وقت تک صورتِ حال پُر امن ہے۔
انہوں نے کہا کہ ووٹر گھر سے باہر آئیں، مائیں بہنیں بھی ووٹ ڈالنے کے لیے گھروں سے باہر نکلیں تاکہ جماعتِ اسلامی کا مینڈیٹ جو پہلے ہی واضح ہے مزید واضح ہو جائے اور جماعتِ اسلامی کا میئر بن سکے۔
امیرِ جماعتِ اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمٰن نے مزید کہا کہ الیکشن کمیشن، انتظامیہ، پولیس اور رینجرز کی ذمے داری ہے کہ اگر کہیں بدامنی پھیلائی جائے تو وہ اسے کنٹرول کریں۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ تمام دیگر پولیٹیکل پارٹیز سے بھی کہتا ہوں کہ اختلاف اپنی جگہ مگر آگے بڑھ کر آج ووٹ لازمی ڈالیں۔
Comments are closed.