
کراچی میں ٹریفک کا نظام بہتر کرنے کے لیے ڈی آئی جی ٹریفک اقبال دارا کی جانب سے تین غیر معروف اور ویران سڑکوں کو قابل استعمال بنانے کے منصوبے پر کام شروع کردیا گیا ہے۔
اس سلسلے میں کراچی ٹریفک پولیس اور ٹریفک انجینئرنگ بیورو کے افسران نے منگل کو اجلاس منعقد کیا اور ابتدائی کام کا آغاز کردیا۔
ڈی ایس پی ٹریفک سعید آرائیں کے مطابق مائی کلاچی روڈ پر امریکن قونصلیٹ کے قریب این ایل سی ہیڈ آفس اور نیو حاجی کیمپ سے گزرنے والی غیر معروف ڈبل روڈ کو قابل استعمال بناتے ہوئے اسے سلطان آباد پارک کے قریب مولوی تمیز الدین خان روڈ سے منسلک کیا جا رہا ہے، اس شارٹ کٹ گزرگاہ سے مائی کلاچی روڈ اور ایم ٹی خان روڈ پر ٹریفک کا دباؤ کم کرنے میں مدد ملے گی۔
اسی طرح پی آئی ڈی سی کے قریب ریلوے لائن کے لوّ لین برج کے نیچے سے ہجرت کالونی اور ریلوے لائن کے ساتھ ساتھ ریتی لائن سے گزرنے والی ٹوٹی پھوٹی سڑک کو بھی کارپٹنگ کر کے قابل استعمال بنانے کی منصوبہ بندی کی جارہی ہے۔
اس سے کلفٹن اور بوٹ بیسن کا ٹریفک ضیاء الدین احمد روڈ اور سول لائن کے راستے پی آئی ڈی سی سگنل پر جانے کی بجائے ریلوے پھاٹک سے شارٹ کٹ لیتے ہوئے سلطان آباد کے ساتھ ایم ٹی خان روڈ پر آسکے گا۔
کلفٹن اور بوٹ بیسن جانے والے شہری بھی اس راستے کو استعمال کرسکیں گے۔
مائی کلاچی ریلوے پھاٹک سے بھی ریلوے لائن کے ساتھ ساتھ آنے والی غیر معروف سڑک کو قابل استعمال بنا کر پی آئی ڈی سی پل سے کنیکٹ کیا جائے گا۔
ڈی آئی جی ٹریفک کے مطابق کراچی کے ریڈ زون میں آئے روز سیکیورٹی وجوہات کی بنا پر سڑکوں کی بندش کے دوران سڑکوں کو متبادل کے طور پر بھی استعمال کیا جاسکے گا۔
ذرائع کے مطابق ٹریفک انجینئروں نے اس سلسلے میں منظوری دیتے ہوئے کاغذی کارروائیوں کا آغاز کر دیا ہے۔
سروے مکمل کرکے کمشنر کراچی اور دیگر اتھارٹیز سے گراؤنڈ ورک کی منظوری لی جائے گی۔
Comments are closed.