
پاکستان نے تیسرے ون ڈے میں نیوزی لینڈ کو جیت کے لیے 288 رنز کا ہدف دے دیا۔
کراچی کے نیشنل بینک کرکٹ ایرینا میں کھیلے جارہے اس میچ میں نیوزی لینڈ نے ٹاس جیت کر پہلے پاکستان کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔
پاکستان کی اننگز کا آغاز ہوا تو مسلسل تین اننگز میں سنچریاں بنانے والے فخر زمان صرف 19 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
اوپننگ بلے باز امام الحق اور بابر اعظم کے درمیان سنچری پارٹنرشپ نے ٹیم کے لیے بڑے اسکور کی بنیاد ڈالی۔
بابر اعظم اپنی 26ویں نصف سنچری بنانے کے بعد 145 کے مجموعے پر آؤٹ ہوئے، انہوں نے 54 رنز اسکور کیے۔
نئے آنے والے بلے باز عبداللّٰہ شفیق آج بھی متاثر کن پرفارمنس نہ دے سکے اور صرف 19 رنز کے مہمان ٹھرے، تاہم دوسری جانب موجود امام الحق محتاط انداز میں رنز بناتے رہے۔
امام الحق اس وقت بدقسمت ٹھہرے جب 90 کے اسکور پر ایڈم ملن کی گیند پر بولڈ ہوگئے اور سنچری نہ بناسکے۔
وکٹ کیپر بیٹر محمد رضوان اور آغا سلمان نے بالترتیب 32، 31 رنز بناکر ٹیم کے اسکور کو بہتر اسکور پر لا کھڑا کیا۔
اختتامی لمحات میں شاداب خان نے 21 اور محمد نواز نے 11 رنز بنائے جبکہ پوری ٹیم مقررہ 50 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 287 رنز بناسکی۔
نیوزی لینڈ کی جانب سے میٹ ہینری کامیاب بولر ٹھہرے، انہوں نے 3 وکٹیں لیں۔ ایڈم ملن نے دو جبکہ کول میک کونچی نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
ٹاس کے موقع پر کپتان بابر اعظم نے بتایا کہ ٹیم میں 3 تبدیلیاں کی گئی ہیں، کراچی کا موسم گرم ہے، 290 رنز کا ہدف دینے کی کوشش کریں گے۔
بابر اعظم نے کہا کہ حارث رؤف، احسان اللّٰہ اور اسامہ میر کو آج نہیں کھلایا جارہا۔
پاکستان ٹیم میں فخر زمان، امام الحق، بابر اعظم، عبداللّٰہ شفیق، محمد رضوان، شاداب خان، آغا سلمان، محمد نواز، شاہین آفریدی، محمد وسیم اور نسیم شاہ شامل ہیں۔
پاکستان اور نیوزی لینڈ کی ون ڈے سیریز میں اب تک گرین شرٹس کا پلڑا بھاری ہے۔
پاکستان نے پہلے ون ڈے میں 289 رنز کا ہدف 5 وکٹ پر حاصل کیا اور دوسرے ون ڈے میں 337 رنز کا ہدف صرف 3 وکٹ پر پورا کر کے سیریز میں دو صفر کی برتری حاصل کی تھی۔
Comments are closed.