طویل دورانیے تک پیانو بجانے اور بلند آواز میں گانے پر جاپان کے ریلوے سٹیشن پر نصب پیانو ضبط
جاپان کے ایک شہر میں قواعد کی خلاف ورزی پر عوامی مقامات پر پیانو بجانے پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ لوگوں کی بڑی تعداد یہ پیانو طویل دورانیے تک بجاتی تھی جس کی وجہ سے ریلوے سٹیشن پر دی گئی یہ سہولت واپس لے لی گئی ہے۔
خیال رہے کہ مقامی کونسل کی طرف سے کاکوگوا شہر میں ریلوے سٹیشن کے اندر پیانو کی سہولت دی گئی تھی۔ حکام کو یہ امید تھی کہ مقامی آبادی عوامی مقامات پر پیانو کے بڑھتے رجحان پر اپنے بہتر طرز عمل کا مظاہرے کرے گی۔
تاہم حکام کو اس وقت مایوسی ہوئی جب عوام نے متعلقہ قوانین کی توڑنا شروع کر دیا اور وہ طویل دورانیے کے لیے اس پیانو کو بجاتے اور اس پر بلند آواز میں گنگنانا شروع کر دیتے تھے۔
قانون پر عملدرآمد سے متعلق مشہور ملک جاپان میں پیانو بجانے سے متعلق کچھ ہدایات جاری کی گئی تھیں۔ حکام کے مطابق پیانو بجانے سے قبل صارفین اپنے ہاتھوں کو صاف کریں گے۔ قواعد کے تحت پیانو دس منٹ تک ہی بجایا جائے گا اور لوگ یہ پیانو پرفارمنس کے دوران بلند آواز میں نہیں گائیں گے۔
اب حکام نے یہ کہتے ہوئے پیانو کی سہولت واپس لینے کا فیصلہ کیا ہے کہ لوگ طویل دورانیے تک یہ پیانو بجاتے ہیں یا پھر وہ ساتھ اونچی آواز میں گانے بھی گاتے ہیں۔
کچھ میوزک کےدلدادہ بار بار ایک گھنٹے تک یہ پیانو بجاتے تھے۔ کچھ لوگوں کو یہ شکوہ بھی ہے کہ جب ٹرین سے متعلق اعلانات ہو رہے ہوتے ہیں تو یہ پیانو بجائے جا رہے ہوتے ہیں جس سے انھیں ٹرین کی آواز صحیح سنائی نہیں دیتی۔
حکام کا کہنا ہے کہ انھوں نے اس حوالے سے وارننگز بھی جاری کیں مگر اس حوالے سے کوئی بہتری نظر نہیں آ سکی ہے۔
تاہم موسیقی سے محبت رکھنے والے مقامی لوگوں کے لیے ایک امید کی کرن اب بھی باقی ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ وہ یہ پیانو ریلوے سٹیشن کے لاؤڈ سپیکرز سے دور مختلف عوامی مقامات پر رکھ سکتے ہیں۔
Comments are closed.