منگل11؍شوال المکرّم 1444ھ2؍مئی 2023ء

کوئی خوش فہمی میں نہ رہے، جان لیں کراچی کا میئر جیالا ہوگا، مرتضیٰ وہاب

سندھ حکومت کے ترجمان و مشیر قانون بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ کوئی خوش فہمی میں نہ رہے، جان لیں کراچی کا میئر جیالا ہوگا کیوں کہ کراچی کے عوام نے پیپلز پارٹی پر اعتماد کا اظہار کیا ہے۔

وہ جامعہ کراچی میں اطالوی جامعہ اور جامعہ کراچی کے مابین مفاہمتی یادداشت کی تقریب کے بعد میڈیا سے گفتگو کررہے تھے۔

انہوں نے جماعت اسلامی پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ وہ پیڈسٹرین برج پر چائنا کٹنگ کرتی ہے، شاہراہ فیصل کے ہر کھمبے پر حافظ صاحب کی تصویر ہے دوسروں کے بینرز اُتار کر اپنے بینرز لگا دیے جاتے ہیں۔

بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے تقریب میں بحیثیت مہمان خصوصی شرکت کی تقریب میں اطالوی قونصل جنرل ڈنیلو جردنیلا بھی شریک ہوئے۔

جامعہ کراچی کے وائس چانسلر خالد عراقی اور دیگر فیکلٹی ممبران اور متعلقہ حکام بھی شریک ہوئے۔

اپنے خطاب میں بیرسٹر مرتضیٰ وہاب کا کہنا تھا کہ مادر علمی جامعہ کراچی میں آکر بہت اچھا لگا یہ میرے والدین کی درسگاہ بھی رہی ہے، کراچی یونیورسٹی نے تعلیم کے فروغ میں دنیا بھر میں اپنا نام بنایا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایک زمانے میں کراچی یونیورسٹی میں بڑی تعداد میں دیگر ممالک کے طلباء تعلیم حاصل کرتے تھے، یہ جان کر خوشی ہوئی کہ اطالوی قونصل جنرل بھی کراچی یونیورسٹی میں طالب علم رہے ہیں۔

پی پی رہنما نے کہا کہ مفاہمتی یادداشت کے ذریعے دونوں ممالک کے دو طرفہ تعلقات میں بہتری آئے گی دونوں ممالک کے درمیان نوجوان طلباء کے لیے معاشی، زرعی و فنی تعلیم کا تبادلہ ہونا چاہیے۔ پاکستان اور اٹلی کی دوستی مضبوط ہے اور مضبوط تر ہوگی۔

میڈیا نمائندوں کے سوالات کے جواب میں بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ جامعہ کراچی میں ڈائریکٹر فنانس کی کارکردگی اور ان پر الزامات سے متعلق تحقیقات ہوں گی اگر الزامات درست ثابت ہوئے تو وزیر برائے یونیورسٹی اور وزیر اعلیٰ سندھ سے اس معاملے پر بات کی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ کراچی میں بہتری کی ضرورت ہے، کراچی میں ٹرانسپورٹ اور 1122 کے مسائل حل ہوئے ہیں، میئر کراچی جیالا ہوگا کیونکہ یہاں کی عوام نے ہمیں ووٹ دیا ہے اور مینڈیٹ دیا ہے کراچی والوں نے بلدیاتی الیکشن میں پیپلز پارٹی کو نمبر ون پارٹی بنایا اور جو سب سے زیادہ ووٹ لے اس کا حق ہے وہ میئر بنائے۔

مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ بلاول بھٹو نے کراچی کے مسائل کو ترجیح دی ہے، مردم شماری پر سب سے پہلے اعتراض پیپلز پارٹی نے کیا تھا، وزیر اعلیٰ اور بلاول بھٹو نے ہر فورم پر مردم شماری پر تحفظات کا اظہار کیا ہے جو اصل مردم شماری ہے وہی ریکارڈ پر آنی چاہیے، اصل تعداد سامنے آنے سے پورے سندھ کو فائدہ ہوگا۔

بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ نظام کو بہتر کرنا ہے تو نظام درست کرنا ہوگا، صرف پولیس امن و امان کی ذمہ دار نہیں، پولیس عدالت اور وکلاء مل کر کام کریں تو شہر کو فائدہ ہوگا، جرم کے شواہد پولیس لاکر دیتی ہے مگر عدالت ضمانت دے دیتی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ این ای ڈی کے طالب علم کے قتل پر پولیس نے دو ایف آئی آر کاٹیں، ملزم کو گرفتار کیا لیکن سات دن میں اس کی ضمانت ہوگئی ہے، کبھی ججز سے پوچھا ہے کہ سارنگ شر کیسے بری ہوگیا؟ کیا اسے سندھ حکومت نے رہا کیا ہے؟ اس کے خلاف سندھ پولیس نے ایکشن لیا شواہد دیے انصاف دینا ہمارے ہاتھ میں نہیں یہ عدالت کا کام ہے۔

مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ ریاست کے تمام ستونوں کو مل کر آگے بڑھنا ہوگا، میں باہر سے تعلیم حاصل کرکے ملک کی خدمت کرنے واپس پاکستان آیا۔

انہوں نے کہا کہ نسلہ ٹاور گرادیا گیا اور اسلام آباد ایونیو ریگولر کردیا کیا کسی نے اس پر سوال پوچھا ریگولر کرنا تھا تو دو اصول کیوں ہیں؟

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.