وزیراعظم پاکستان کے معاون خصوصی برائے پبلک کمیونیکیشن اینڈ ڈیجیٹل پلیٹ فارمز فہد ہارون نے کہا ہے کہ حکومت پاکستان آزادی صحافت کی اہمیت کو تسلیم کرتی ہے اور صحافیوں اور مواد تخلیق کرنے والوں کے حقوق کے تحفظ کے لیے پُرعزم ہے۔
وزیراعظم پاکستان کے معاون خصوصی برائے پبلک کمیونیکیشن اینڈ ڈیجیٹل پلیٹ فارمز فہد ہارون نے کراچی پریس کلب کے صدر سعید سربازی سے ملاقات کی۔
آزادی صحافت کے عالمی دن کی مناسبت سے گفتگو کرتے ہوئے فہد ہارون کا کہنا تھا کہ ’اظہار رائے کی آزادی ایک بنیادی انسانی حق ہے اور یہ جمہوریت، گڈ گورننس اور پائیدار ترقی کے لیے سنگ بنیاد کے طور پر کام کرتا ہے۔‘
انہوں نے مزید کہا کہ اس حق کے استعمال کے ذریعے ہی افراد اور کمیونیٹیز اپنی رائے کا اظہار کرسکتے ہیں، معلومات کا تبادلہ کرسکتے ہیں اور عوامی مباحثوں میں حصہ لے سکتے ہیں جو ان کے دیگر حقوق کے حصول کا باعث بنتے ہیں۔
فہد ہارون کا کہنا تھا کہ اس سال کا تھیم حکومتوں، سول سوسائٹی اور میڈیا تنظیموں کے لیے ایک آواز ہے کہ وہ اظہار رائے کی آزادی کے فروغ اور تحفظ کے لیے مل کر کام کریں اور سب کے حقوق کے مستقبل کی تشکیل میں اس کے ناگزیر کردار کو تسلیم کریں۔
وزیراعظم کے معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ جب ہم آزادی صحافت کے عالمی دن کی 30ویں سالگرہ منا رہے ہیں، جمہوری معاشرے میں شفافیت اور جوابدہی کو یقینی بنانے کے لیے آزادی صحافت کی اہمیت کو یاد رکھنا بہت ضروری ہے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت پاکستان آزادی صحافت کی اہمیت کو تسلیم کرتی ہے اور صحافیوں اور مواد تخلیق کرنے والوں کے حقوق کے تحفظ کے لیے پُرعزم ہے۔ حکومت ایک پالیسی فریم ورک تیار کرنے پر کام کر رہی ہے جو سوشل میڈیا مواد تخلیق کرنے والوں کو غیر قانونی طور پر ہراساں کیے جانے، غیر ضروری دباؤ اور ناپسندیدہ عناصر کی کارروائیوں سے تحفظ فراہم کرے گا۔
فہد ہارون نے کہا کہ پیپلز پارٹی پریس کی آزادی کی وکالت کرنے کی ایک بھرپور تاریخ رکھتی ہے اور اس بنیادی حق کو فروغ دینے کے لیے نافذ کیے گئے بہت سے اقدامات کے پیچھے ایک محرک رہی ہے۔
اس موقع پر صدر کراچی پریس کلب سعید سربازی نے وزیراعظم کے معاون خصوصی سے اظہار تشکر کیا اور کہا کہ کراچی پریس کلب آزادی صحافت کے فروغ اور اس بات کو یقینی بنانے کے لیے کام کرتا رہے گا کہ صحافی آزادانہ اور خوف کے بغیر رپورٹنگ کر سکیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان پیپلز پارٹی نے صحافیوں کے سچ لکھنے اور بولنے کے حق کے تحفظ میں اہم کردار ادا کیا ہے۔
Comments are closed.