پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا مختلف علاقوں میں بارش کی صورتحال پر کہنا ہے کہ امیر ممالک کے پیدا کردہ موسمیاتی بحران کا خمیازہ غریب اقوام بھگتنے پر مجبور ہیں۔
بلاول بھٹو زرداری نے اپنے بیان میں تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ موسمی تبدیلیوں سے پاکستان میں اس بار اپریل سے ہی بارشیں ہونا شروع ہوگئی ہیں۔
اُنہوں نے کہا کہ بلوچستان سمیت ملک کے مختلف علاقوں کی ندی نالوں میں طغیانی آگئی ہے۔
اُنہوں نے مزید کہا کہ گزشتہ ریکارڈ بارشوں کے متاثرین کی آج بھی ایک بڑی تعداد مدد کی منتظر ہے۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ گزشتہ بارشوں میں لاکھوں گھر اور انفراسٹرکچر تباہ ہوا جس کی بحالی کا کام اب بھی جاری ہے۔
اُنہوں نے کہا کہ این ڈی ایم اے سمیت تمام متعلقہ ادارے اور حکّام ہمہ وقت چوکس رہیں۔
اُنہوں نے عوام سے مطالبہ کیا کہ بارشوں میں عوام احتیاطی تدابیر اختیار کریں، سفر سے اجتناب کریں۔
بلاول بھٹو زرداری نے ملک کی سلامتی کے لیے دعا کرتے ہوئے کہا کہ اللّٰہ تعالیٰ پاکستان کو ہر مصیبت سے بچائے۔
اُنہوں نے پارٹی کارکنان کو ہدایت کی کہ جیالے اپنے اپنے علاقوں میں امدادی کاموں پرانتظامیہ سے رابطے میں رہیں۔
بلاول بھٹوزرداری نے حالیہ بارشوں میں اپنے پیاروں کو کھونے والوں سےتعزیت وہمدردی کا اظہار بھی کیا۔
Comments are closed.