جمعہ 7؍شوال المکرم 1444ھ28؍اپریل 2023ء

پہلے فرح گوگی پیسا باہر بھیجتی رہیں پھر یہ کام پرویزالہٰی نے کیا، رانا ثناء اللّٰہ

وزیر داخلہ رانا ثناء اللّٰہ کا کہنا ہے کہ محمد خان بھٹی کا اعترافی بیان پڑھیں انہوں نے فرح گوگی کا ریکارڈ توڑ دیا، پہلے فرح گوگی پیسا باہر بھیجتی رہیں پھر یہ کام پرویز الہٰی نے کیا۔

 جیو نیوز کے پروگرام  ’’نیا پاکستان‘‘میں گفتگو کرتے ہوئے وزیر داخلہ نے کہا کہ ہمارے پاس اختیار نہیں کہ بلوچستان اسمبلی کو وقت سے پہلے ختم کریں، صوبائی اسمبلیاں 13 اگست کو اپنی مدت پوری کر رہی ہیں، اگست میں نگراں حکومتیں آتی ہیں تو الیکشن اکتوبر میں بنتے ہیں، مذاکراتی ٹیمیں مثبت نتیجے پر پہنچ جاتی ہیں تو سب کو قابل قبول ہونا چاہیے۔

رانا ثناء اللّٰہ نے کہا کہ سندھ اور بلوچستان اسمبلی تحلیل کرنے کا ہمارے پاس اختیار نہیں، انھوں نے دو اسمبلیاں توڑ کر حماقت کی ہے، وقت سے پہلے تین اسمبلیوں کو توڑنے کا جواز نہیں بنتا۔

انہوں نے کہا کہ مذاکراتی ٹیمیں اپنے اپنے پارٹی سربراہوں سے منظوری لیں گی، منگل کو حتمی نتیجہ پر پہنچ بھی گئے تو پارٹی سربراہوں سے منظوری لیں گے، اسحاق ڈار کو معلوم ہے مذاکرات کی منظوری پارٹی سربراہان سے لی ہے۔

 اسلام آباد کی صورت حال پر گفتگو کرتے ہوئے رانا ثناء اللّٰہ نے کہا کہ پولیس نے جب دیکھا کہ کچھ لوگوں نے قانون ہاتھ میں لیا تو گرفتار کیا، آئی جی پولیس نے مجھے ان معاملات اور گرفتاریوں سے متعلق آگاہ کیا۔

وزیر قانون اور وزیر خزانہ نے مجھے فون کیا اس پر میں نے آئی جی کو فون کیا، اور کہا کہ تحریک انصاف کے کارکنوں کو رہا کیا جائے، آئی جی اسلام آباد نے بتایا کہ ابھی ایف آئی آر درج نہیں ہوئی، ان افراد نے دفعہ 144 کی خلاف ورزی کی تھی۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.