اتوار 9؍شوال المکرم 1444ھ30؍اپریل 2023ء

حکومت اور پی ٹی آئی میں آج پھر مذاکرات ہوں گے

ملک میں ایک ہی دن انتخابات کے معاملے پر حکومت اور پی ٹی آئی بالآخر ایک میز پر آگئے، دو گھنٹے کی نشست کے بعد آج دوبارہ دن تین بجے بات چیت پر اتفاق کرلیا۔

مذاکرات کے دوران حکومت نے اپنی اور پی ٹی آئی نے اپنی شرطیں رکھ دیں، پی ٹی آئی نے مئی میں تمام اسمبلیاں تحلیل اور جولائی میں ایک ساتھ الیکشن کے لیے آئینی ترمیم کی تجویز دی۔

وزیراعظم پہلے ہی واضح کر چکے ہیں کہ ایک ساتھ الیکشن کے ون پوائنٹ ایجنڈے پر بات ہوگی۔

دوسری جانب سربراہ پی ڈی ایم مولانا فضل الرحمٰن نے مذاکرات میں شرکت سے انکار کردیا ہے۔

 گزشتہ روز سپریم کورٹ میں ملک بھر میں انتخابات ایک ساتھ کرانے کے کیس میں چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ عدالت مذاکرات پر مجبور نہيں کرسکتی، صرف آئین پر عمل چاہتی ہے تاکہ تنازع کا حل نکلے۔

چیف جسٹس کا کہنا تھا کہ نہ کوئی ہدایت جاری کررہے ہیں نہ کوئی ٹائم لائن دے رہے ہیں، مناسب حکم نامہ جاری کریں گے۔

چیف جسٹس کا مزید کہنا تھا کہ براہِ مہربانی آئین کے لیے ایک دوسرے کے ساتھ بیٹھیں، قومی مفاد اور آئین کے تحفظ کے لیے اتفاق نہ ہوا تو جیسا ہے ویسا ہی چلے گا۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.