بدھ 5؍شوال المکرم 1444ھ26؍اپریل 2023ء

نیوزی لینڈ نے پاکستان کو 6 وکٹوں سے شکست دے دی

پانچویں اور آخری ٹی ٹوئنٹی میچ میں نیوزی لینڈ نے پاکستان کو 6 وکٹوں سے شکست دے کر سیریز 2-2 سے برابر کردی۔

راولپنڈی کے پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں نیوزی لینڈ نے پاکستان کی جانب سے دیا گیا ہدف آخری اوور میں حاصل کیا۔

نیوزی لینڈ کے بیٹر مارک چیپمین نے عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے شاندار سنچری اسکور کی اور پاکستان کا 194 رنز کا دیا گیا ہدف باآسانی 4  وکٹوں کے نقصان پر حاصل کیا۔

مارک چیپمین نے ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کیریئر کی پہلی سنچری اسکور کرتے ہوئے 102 رنز کی اننگز کھیلی۔

نیوزی لینڈ کو پہلے اوور میں اس وقت مشکلات کا سامنا کرنا پڑا تھا جب شاہین شاہ آفریدی نے ول ینگ کو 4 رنز اور ٹام لیتھم کو صفر پر آؤٹ کیا۔

نیوزی لینڈ کی جانب سے چیڈبوز 19 اور ڈیرل مچل نے 15 رنز بنائے۔

پاکستان کی جانب سے شاہین آفریدی اور عماد وسیم نے دو دو وکٹیں حاصل کیں۔

اس سے قبل پاکستان ٹیم  نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے نیوزی لینڈ کو 194 رنز کا ہدف دیا۔

پاکستان کی جانب سے کپتان بابر اعظم اور رضوان کی اوپنگ جوڑی نے پہلی وکٹ پر 51 رنز بنائے جہاں 19 رنز بنانے والے بابر اعظم آؤٹ ہوگئے۔

افتخار احمد 36 نے، عماد وسیم نے 14 گیندوں پر 31 رنز کی اننگز کھیلی جبکہ محمد رضوان 98 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔

نیوزی لینڈ کی جانب سے بلیئر ٹکنر تین وکٹیں لے کر نمایاں رہے جبکہ اش سوڈھی نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

واضح رہے کہ دونوں ٹیموں کے درمیان کھیلا جانے والا ایک میچ بارش کی نذر ہوگیا تھا۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.