پیر 3 شوال المکرم 1444ھ24؍ اپریل 2023ء

2022 میں سب سے زیادہ فنڈنگ پاکستان کیلئے کی گئی، اے ڈی بی

ایشیائی ترقیاتی بینک نے سالانہ رپورٹ میں کہا ہے کہ سال 2022 میں سب سے زیادہ فنڈنگ پاکستان کے لیے کی گئی۔

اے ڈی بی کی جاری کردہ سالانہ رپورٹ کے مطابق سال 2022 میں پاکستان کو 2.6 ارب ڈالرز کے رعایتی قرضے دیے گئے، ایشیائی ترقیاتی بینک نے ایشیاء میں 31.8 ارب ڈالرز کی پراجیکٹ فنانسنگ کی۔

رپورٹ کے مطابق پاکستان کی معیشت کو سب سے زیادہ سیلاب نے نقصان پہنچایا، سیلاب کی وجہ سے پاکستان میں فصلوں کی بڑی تباہی ہوئی، فصلیں تباہ ہونے سے پاکستان میں طلب و رسد کا توازن خراب ہوا اور مقامی طور پر مہنگائی میں اضافہ ہوا۔

اے ڈی بی کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ روس اور یوکرین کی جنگ عالمی سطح پر افراط زر کی وجہ ہے، پاکستان میں موسمیاتی تبدیلیوں کے نقصانات سے بچنے کے لیے ماہرین کی ضرورت ہے۔

ایشیائی ترقیاتی بینک کی رپورٹ کے مطابق پاکستان کو موسمیاتی تبدیلیوں سے بچنے کے لیے ماہرین کی خدمات فراہم کر رہے ہیں، پاکستان میں سیلاب سے 1730 افراد ہلاک ہوئے، سیلاب نے پاکستان میں 3 کروڑ 30 لاکھ افراد کو متاثر کیا اور معیشت کو 30 ارب ڈالر کا نقصان پہنچایا۔

رپورٹ کے مطابق سیلاب متاثرہ علاقوں کی بحالی کے لیے 16 ارب ڈالرز کے وعدے ہوئے، متاثرہ علاقوں کے لیے پاکستان کو 1.5 ارب ڈالرز فراہم کیے، خیبرپختونخوا میں خواتین کی صحت کے لیے 10 کروڑ ڈالرز کا پراجیکٹ جاری ہے۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.