اتوار دو شوال المکرم 1444ھ23؍ اپریل 2023ء

عید اسپیشل: غیر روایتی انداز اپنائیں اور بنائیں مزیدار عربی کنافہ

عید کے خوشیوں بھرے موقع پر کچھ میٹھا نہ ہو تو عید پھیکی سی لگتی ہے تو اس بار عید پر روایتی شیر خُرمہ یا سویاں بنانے کے بجائے مزیدار عربی کنافہ ٹرائی کریں۔

پیسٹری 500 گرام، مکھن 1/4 کپ، فل فیٹ ملک 1 کپ، کارن فلار 1 کھانے کا چمچ، لیمن جوس 1 کھانے کا چمچ، کریم 1/2 کپ، چینی 1/2 کپ، الائچی 2 عدد، الائچی پاؤڈر 1 چائے کا چمچ، پستے حسبِ ضرورت، عرقِ گلاب 1 کھانے کا چمچ، بلاسم واٹر حسبِ ضرورت، موزریلا چیز حسبِ ضرورت۔

کنافہ بنانے کے لیے سب سے پہلے ملابی (مشرقِ وسطیٰ کی میٹھی ڈش) بنائی جائے گی، ملابی تیار کرنے کے لیے سب سے پہلے دودھ میں کریم، چینی اور کارن فلار ڈال کر چولہے پر رکھ کر تھوڑی دیر اچھی طرح سے ہلائیں اور جب یہ مکسچر اچھی طرح سے گاڑھا ہو جائے تو اسے چولہے سے ہٹا دیں۔

چولہے سے ہٹانے کے بعد اس مکسچر میں موزریلا چیز، کُٹی ہوئی ہری الائچی، عرقِ گلاب اور بلاسم واٹر ڈال کر اچھی طرح مکس کر لیں۔

اس کے بعد ایک برتن میں سویوں جیسی نظر آنے والی کنافہ پیسٹری میں گھی ڈال کر اچھی طرح ہاتھ سے مکس کریں اور پھر اسے ایک باؤل میں ڈال کر اچھی طرح سے پریس کریں، پھر اس کے اُوپر ملابی کو ڈال دیں اور اس کے اوپر جو بچی ہوئی کنافہ پیسٹری ہے وہ بھی ڈال دیں، اب اسے تقریباََ 35 سے 40 منٹ تک کے لیے بیک کر لیں۔

اب کنافہ کے لیے سیرپ یعنی شیرہ بنائیں اور شیرہ بنانے کے لیے ایک برتن میں پانی، چینی، الائچی پاؤڈر، گلاب کی کچھ سوکھی ہوئی پتیاں اور کچھ تازہ پتیاں ڈال کر چولہے پر پکنے کے لیے رکھ دیں۔

جب یہ پانی پکنے لگ جائے تو چولہا بند کر دیں اور اس میں عرقِ گلاب اور بلاسم واٹر ڈال کر ٹھنڈا ہونے کے لیے رکھ دیں۔

اس بعد بیک کی ہوئی کنافہ پیسٹری کے اوپر شیرہ ڈال دیں اور یوں مزیدار کنافہ پیش کرنے کے لیے تیار ہے۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.