جمعرات 29؍رمضان المبارک 1444ھ20؍اپریل 2023ء

چوتھا پاکستان نیوزی لینڈ ٹی20 بارش اور ژالہ باری کے باعث ختم کردیا گیا

پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان سریز کا چوتھا ٹی ٹوئنٹی میچ شدید بارش اور ژالہ باری کے باعث ختم کردیا گیا۔ 

پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے جانے والے اس میچ میں پاکستان نے ٹاس جیت کر مہمان ٹیم کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔ 

نیوزی لینڈ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 19ویں اوور کی پانچویں گیند تک 5 وکٹوں کے نقصان پر 164 رنز بنائے جہاں میچ روک دیا گیا۔

پاکستان کے اسپنر عماد وسیم نے ابتدا میں نیوزی لینڈ کو زبردست نقصان پہنچایا اور 3 اہم وکٹیں لے اڑے۔ 

انہوں نے 13 رنز بنانے والے ٹام لیتھم، 6 رنز بنانے والے ول ینگ اور 3 رنز بنانے والے ڈیرل مچل کو آؤٹ کیا۔ 

تاہم چوتھی وکٹ پر چیڈ بوس اور مارک چیپمین نے 54 رنز کی پارٹنرشپ بنا کی ٹیم کو بڑے ٹوٹل کی جانب گامزن کیا۔ 

چیڈ بوس 54 رنز بنا کر 108 کے مجموعے پر آؤٹ ہوئے، انہیں شاہین آفریدی نے آؤٹ کیا۔ 

مارک چیپمین نے رچن رویندرا کیساتھ 56 رنز کی پارٹنر شپ بنائی اور ٹیم کو 164 کے مجموعے تک پہنچایا جہاں 8 رنز بنانے والے رویندرا حارث رؤف کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے۔

اس موقع پر پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں بارش اور ژالہ باری ہوئی جس کے باعث میچ روک دیا گیا۔ کچھ دیر بعد امپائرز کی جانب میچ کو منسوخ کرنے کا اعلان کردیا گیا۔

خیال رہے کہ پاکستان ٹیم میں نسیم شاہ کی جگہ زمان خان جبکہ نیوزی لینڈ میں جمی نیشم اور بین لسٹر کی جگہ پر کول میک کونکی اور ہینری شپلے کو شامل کیا گیا۔

پاکستان ٹیم کپتان بابر اعظم، محمد رضوان، فخر زمان، صائم ایوب، شاداب خان، افتخار احمد، عماد وسیم، فہیم اشرف، شاہین شاہ آفریدی، حارث رؤف اور زمان خان شامل تھی۔ 

نیوزی لینڈ کی کپتان ٹام لیتھم، چیڈ بوز، ول ینگ، ڈیرل مچل، مارک چیپمین، رچن رویندرا، ایڈم ملن، میٹ ہینری، اش سوڈھی، کول میک کونکی اور ہینری شپلے پر مشتمل تھی۔ 

ابتدائی دو میچ میں پاکستان نے باآسانی نیوزی لینڈ کو شکست سے دوچار کیا تھا جبکہ تیسرے ٹی ٹوئنٹی میں سنسنی خیز مقابلے کے بعد نیوزی 4 رنز سے فاتح رہا۔

پانچ میچوں کی سیریز میں قومی ٹیم 1-2 کی برتری حاصل ہے جبکہ سیریز کا آخری میچ 24 اپریل کو پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں ہی کھیلا جائے گا۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.