جمعرات 29؍رمضان المبارک 1444ھ20؍اپریل 2023ء

انتخابات ایک ساتھ کرانے کی درخواستوں پر سماعت، چیف جسٹس کا سراج الحق کو خراجِ تحسین

سپریم کورٹ آ ف پاکستان میں ملک بھرمیں انتخابات ایک ساتھ کرانے کی درخواستوں پر سماعت شروع ہو گئی۔

چیف جسٹس پاکستان عمر عطاء بندیال کی سربراہی میں 3 رکنی بینچ سماعت کر رہا ہے، جسٹس اعجازالاحسن اور جسٹس منیب اختر بینچ میں شامل ہیں۔

چیف جسٹس پاکستان عمر عطاء بندیال نے آج بھی سماعت کا آغاز قرآنِ کریم کی آیت سے کیا اور دعا کی کہ مولا کریم لمبی حکمت دے تاکہ صحیح فیصلے کر سکیں، ہمیں نیک لوگوں میں شامل کر اور ہمارے جانے کے بعد اچھے الفاظ میں یاد رکھا جائے۔

چیف جسٹس پاکستان نے کہا کہ سراج الحق صاحب تشریف لائے ہیں، آپ کو خراجِ تحسین پیش کرتا ہوں، آپ نے نیک اور اچھا کام شروع کیا، اللّٰہ تعالیٰ اس کام کو کامیاب کریں۔

چیف جسٹس عمر عطاء بندیال نے کہا کہ شاہ محمود قریشی صاحب بھی تشریف رکھتے ہیں، شاہ محمود صاحب! آپ روسٹرم پر آ جائیں۔

چیف جسٹس نے شاہ محمود قریشی سے استفسار کیا کہ آپ سپریم کورٹ کی تجویز سے اتفاق کرتے ہیں؟

شاہ محمود قریشی نے جواب دیا کہ پی ٹی آئی سمجھتی ہے کہ ملک کو آئین کی بالادستی سے آگے بڑھنا ہے، اس نے ہمیشہ آئین پر عمل کیا ہے، سپریم کورٹ جو بھی حکم کرے قبول ہو گا، ہمیشہ آئین کے مطابق چلنے کی کوشش کی۔

چیف جسٹس پاکستان نے استفسار کیا کہ اٹارنی جنرل کہاں ہیں؟

اٹارنی جنرل کمرۂ عدالت میں پہنچ گئے اور کہا کہ ہم سمجھے تھے کہ سماعت ساڑھے 11 بجے ہے، معذرت چاہتا ہوں، آنے میں تاخیر ہوئی، حکومتی شخصیات کچھ دیر میں عدالت پہنچ جائیں گی۔

چیف جسٹس پاکستان نے کہا کہ ہم 15 منٹ بعد سماعت کر لیتے ہیں، تب تک سب لوگ آ جائیں، حکومتی شخصیات پہنچ جائیں پھر سماعت کا آغاز کرتے ہیں، مہمانوں کے لیے ہم نے کرسیاں بھی لگوا دی ہیں۔

چیف جسٹس پاکستان نے کہا کہ سیاسی قائدین کے آنے تک سماعت میں وقفہ کر رہے ہیں۔

جس کے بعد سپریم کورٹ نے سماعت میں 15 منٹ کا وقفہ کر دیا۔

وقفہ اٹارنی جنرل پاکستان منصور عثمان کی درخواست پر کیا گیا۔

سپریم کورٹ میں انتخابات ایک ساتھ کرانےکی درخواستوں پر وقفے کے بعد سماعت شروع ہوئی تو درخواست گزار سردار کاشف کے وکیل شاہ خاور روسٹرم پر آ گئے۔

وکیل شاہ خاور نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ امید ہے تمام سیاسی جماعتیں ایک نکتے پر متفق ہو جائیں گی، ایک ہی دن انتخابات سے سب مسائل حل ہوجائیں گے۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.