اتوار 25؍رمضان المبارک 1444ھ16؍اپریل 2023ء

وفاق میں شوباز، صوبے میں تڑی باز نے روٹی کا حصول مشکل بنا دیا: پرویز الہٰی

پاکستان تحریکِ انصاف کے صدر چوہدری پرویز الہٰی کا کہنا ہے کہ وفاق میں شوباز اورصوبے میں تڑی باز نے عوام کے لیے 2 وقت کی روٹی کاحصول مشکل بنا دیا ہے۔

چوہدری پرویز الہٰی سے سابق ارکانِ اسمبلی رانا نذیر، سونیا شاہ اور دیگر نے ملاقاتیں کی ہیں۔

اُنہوں نے موجودہ حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ عالمی منڈی میں تیل سستا لیکن پاکستان میں منہگا ہے، پہلےہی کہا تھا کہ اسحاق ڈار نااہل وزیرِ خزانہ ہیں۔

اُنہوں نے کہا کہ پیٹرول کی قیمت میں 10روپے فی لیٹر کا اضافہ ظلم ہے، اسحاق ڈارآئی ایم ایف کے آگے لیٹ گئے پھر بھی وہ اعتبار کرنے کو تیار نہیں۔

چوہدری پرویز الہٰی نے کہا کہ اسحاق ڈارکو اگر کچھ نہیں آتا تو شوکت ترین سے ہی سیکھ لیں۔

اُنہوں نے کہا کہ نااہلوں کا ٹولہ مسلط ہے جس نےعوام سےجینےکاحق بھی چھین لیا ہے۔

چوہدری پرویز الہٰی نے کہا کہ آئی ایم ایف کی آشیواد حاصل کرنے کے لیےنااہل حکمران عوام کاخون چوس رہے ہیں۔ 

اُنہوں نے کہا کہ نااہل حکمرانوں کو قانون سازی کا کوئی حق نہیں، سپریم کورٹ کےخلاف سب سر جوڑ کر کابینہ کےاجلاس پر اجلاس بلا رہے ہیں۔

چوہدری پرویز الہٰی نے مولانا فضل الرحمٰن پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ اُنہیں عدلیہ کےخلاف غیر ذمہ دارانہ گفتگو سے گریز کرناچاہیے، فضل الرحمٰن کی عدلیہ کے خلاف سڑکوں پر نکلنےکی دھمکی قابلِ افسوس ہے۔

اُنہوں نے کہا کہ فضل الرحمٰن کو معلوم ہونا چاہیے کہ قوم  پوری قوت سے عدلیہ کے فیصلوں کے ساتھ کھڑی ہے، سروے رپورٹس پنجاب اور خیبر پختون خوا میں تحریکِ انصاف کی کامیابی کی پیش گوئی کر رہی ہیں، پی ڈی ایم الیکشن روکنے کی کوششیں کر کے ہماری الیکشن مہم مفت میں چلا رہی ہے۔

چوہدری پرویز الہٰی نے کہا کہ ایسا نہ ہو کہ اس بار عمران خان خیبر پختون خوا سے ان پارٹیوں کا صفایا ہی کر دیں، الیکشن اور قومی سلامتی لازم  و ملزوم ہیں۔

اُنہوں نے کہا کہ عوام اور ادارے مل کر ہی قومی سلامتی کا تحفظ یقینی بناسکتے ہیں لیکن موجودہ گھس بیٹھیوں کے حکومت میں ہوتے ہوئے قومی سلامتی کے مسائل حل نہیں ہو سکتے۔

سابق وزیرِ اعلیٰ پنجاب نے مزید کہا کہ وفاق میں پی ڈی ایم حکومت پہلے دن سے نفرت کا نشان بن چکی ہے، پنجاب میں نگراں حکومت کو عوام پہلے دن سے ہی مسترد کر چکے ہیں، صوبے میں عوام کی منتخب حکومت ہی کچے اور پکّے کے ڈاکوؤں کا قلع قمع کر سکتی ہے۔

چوہدری پرویز الہٰی نے یہ بھی کہا کہ الیکشن کے بعد پنجاب میں گینگسٹرز کے خاتمے کے لیے جامع حکمتِ عملی تیار کریں گے، ان شاء اللّٰہ پنجاب کو پھر سے ترقی، خوش حالی اور امن کی راہ پر گامزن کر دیں گے۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.