منگل 20؍رمضان المبارک 1444ھ11؍اپریل2023ء

پاکستان کے بحرانوں کا واحد حل شہباز شریف کا استعفیٰ ہے، فواد چوہدری

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما فواد چوہدری نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعظم شہباز شریف سے استعفے کا مطالبہ کر دیا اور دعویٰ کیا کہ قرار داد پر  42 میں سے 8 دستخط جعلی ہیں۔

انہوں نے وزیر اعظم شہباز شریف سے مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ اقتدار سے مت چمٹے رہیں، فوری استعفیٰ دیں اور انتخابات کی راہ ہموار کریں، آپ کا استعفیٰ بحرانوں کاحل ہے۔

انہوں نے مذمت کرتے ہوئے کہا کہ کل پارلیمان میں سپریم کورٹ کی بے توقیری کی گئی، مذاق اڑایاگیا، سپریم کورٹ کے احکامات کو ردی کی ٹوکری میں ڈالا گیا، جس کی ہم شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں۔

فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ وکلا باڈیز جو بھی لائحہ عمل طے کریں گی پی ٹی آئی حمایت کرے گی۔ پنجاب حکومت ن لیگ کی مرضی اور منشا کے مطابق لوگوں کو اٹھارہی ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ الیکشن کمیشن کو کہا تھا کہ 22 افسران کو پنجاب سے ٹرانسفر کیا جائے۔

ان کا کہنا ہے کہ 42 ارکان پارلیمنٹ نے سپریم کورٹ کا فیصلہ مسترد کیا اور اس کےخلاف قرارداد پر دستخط کیے۔ قرار داد پر دستخط کرنے والے 42 میں سے 8 دستخط جعلی ہیں، یہ دستخط اسمبلی سیکرٹری نےخود کیے یا راجا پرویز اشرف نے کرائے ہیں۔

تحریک انصاف کے رہنما نے مطالبہ کیا ہے کہ ثابت کریں کہ دستخط اصلی ہیں ورنہ ہم راجا پرویز اشرف اور سیکرٹری اسمبلی کے خلاف پرچہ درج کرائیں گے جبکہ قرارداد پر دستخط کرنے والے باقی ارکان کےخلاف توہین عدالت پر لاہور ہائی کورٹ سے رجوع کر رہےہیں۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.