پیر19؍رمضان المبارک 1444ھ10؍اپریل 2023ء

ثاقب نثار ہر آدھے گھنٹے بعد ازخود نوٹس لیتے تھے، شرجیل میمن

سندھ کے وزیر اطلاعات شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ افتخار چوہدری نے ایک منتخب وزیراعظم کو گھر بھیجا اور ریکوڈک کافیصلہ کیا، جس سے ملک کانقصان ہوا۔ 

کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شرجیل میمن کا کہنا تھا کہ ثاقب نثار ہر آدھے گھنٹے بعد ازخود نوٹس لیتے تھے۔ 

انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کو جتوانے میں بھی ثاقب نثار کا کردار تھا۔ پی ٹی آئی کے خلاف 10 سے 15ہزار ووٹ خارج کیے گئے۔ 

شرجیل میمن نے کہا کہ ثاقب نثار نے ایگزیکٹو آرڈر جاری کیا جو وہ نہیں کرسکتے تھے۔ گھڑی چور جھوٹے کو صادق اور امین کا تاج پہنایا۔ 

شرجیل میمن نے کہا کہ جسٹس گلزار آئے نسلہ ٹاور گروایا، ان کو 1970 کا کراچی چاہیے تھا۔ آغا سراج درانی 4 سال سے جیل میں ہیں، میں ڈھائی سال جیل میں رہا۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم نے تو کوئی اسٹے نہیں لیا کہ ہمارے کیس نہ سنے جائیں۔ جسٹس وقار سیٹھ نے بی آر ٹی کیس چلانے کی بات کی۔ قاسم سوری کو الیکشن کمیشن نے ڈی سیٹ کیا اسی بینچ نے اسے ریلیف دیا۔

انہوں نے کہا عمران خان کی مرضی سے عدالتوں کے شیڈول چل رہے ہیں۔ جو ججز کو دھمکیاں دے اس کی ضمانتیں ہوجاتی ہیں۔ یہ ٹی وی پر گرفتاری کی خبریں سن کر رونا شروع کر دیتے ہیں۔

شرجیل میمن نے کہا کہ ثاقب نثار سب کچی آبادیاں گرا رہا تھا پر عمران خان کا گھر پکا کر رہا تھا۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.