
صوبۂ پنجاب کے ضلع وہاڑی میں مبینہ 2 پولیس مقابلوں میں 2 ڈاکو مارے گئے۔
پولیس ترجمان کے مطابق تھانہ دانیوال کے علاقے شبیر آباد میں ہونے والے پہلے مبینہ پولیس مقابلے میں سنگین وارداتوں میں ملوث ڈاکو ہلاک ہو گیا۔
پولیس نے مارے جانے والے ڈاکو نفیس کو گزشتہ روز جی او آر چوک کے قریب سے ڈکیتی کی واردات کے دوران فائرنگ کے تبادلے کے بعد گرفتار کیا تھا۔
پولیس کے مطابق ملزم نفیس کو سرکاری گاڑی پر تھانہ دانیوال کے ایک مقدمے میں ریکوری کے لیے لے جایا جا رہا تھا کہ ملزم کے 3 نامعلوم ساتھیوں نے ملزم کو پولیس کی حراست سے چھڑوانے کے لیے سیدھی فائرنگ کر دی، ساتھیوں کی اندھا دھند فائرنگ سے ملزم زخمی ہو گیا۔
پولیس کے مطابق ملزم کے مبینہ ساتھیوں کے ساتھ 10 منٹ تک فائرنگ کا تبادلہ جاری رہا، فائرنگ کے بعد تینوں نامعلوم ملزمان فائرنگ کرتے ہوئے فرار ہو گئے، ابتدائی طبی امداد کے لیے 1122 موقع پر پہنچی مگر ڈاکو نفیس احمد زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے ہلاک ہو گیا۔
پولیس کے مطابق دوسرے واقعے میں تھانہ ماچھیوال کے چک نمبر 557 ای بی کے قریب 3 نامعلوم ملزمان موٹر سائیکل چھین کر فرار ہوئے تھے، 15 پر واردات کی کال پر پولیس کی جانب سے اہم پوائنٹس پر ناکہ بندی کروائی گئی، چک نمبر 4 ڈبلیو بی کے قریب ملزمان کا پولیس سے سامنا ہو گیا۔
ترجمان کے مطابق پولیس نے ملزمان کو رکنے کا اشارہ کیا تو انہوں نے پولیس پر اندھا دھند سیدھی فائرنگ شروع کر دی۔
پولیس کے مطابق فائرنگ کے دوران 1 نامعلوم ڈاکو اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ کی زد میں آ کر موقع پر ہی ہلاک ہو گیا۔
Comments are closed.