اتوار 18؍رمضان المبارک 1444ھ 9؍اپریل 2023ء

ایمل ولی کی عمران خان اور عارف علوی پر تنقید

عوامی نیشنل پارٹی (اے این پی) خیبر پختون خوا کے صدر ایمل ولی خان نے صدرِ مملکت عارف علوی اور چیئرمین پی ٹی آئی، سابق وزیرِ اعظم عمران خان کو تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری کیے گئے بیان میں صدر اے این پی کے پی کے نے کہا ہے کہ‏ دہشت گردوں کی واپسی کے ذمے داروں کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے۔

انہوں نے مطالبہ کیا ہے کہ عمران نیازی، عارف علوی، محمود خان اور بیرسٹر سیف کو گرفتار کیا جائے۔

ایمل ولی نے اپنے پیغام میں لکھا ہے کہ تختِ پنجاب کی لڑائی میں مصروف سیاستدانوں کو علم ہی نہیں ہوگا کہ آج ضلع خیبر اور تحصیل تیارزہ (جنوبی وزیرستان) میں پی ٹی آئی کے عسکری ونگ ٹی ٹی پی کے دہشت گردوں نے ہمارے بھائیوں کو شہید کیا ہے۔

انہوں نے لکھا ہے کہ ہم ایک بار پھر دہراتے ہیں کہ دہشت گردوں کو واپس لینے والوں کو فوری طور پر گرفتار کیا جائے۔

اے این پی کے صوبائی صدر نے لکھا ہے کہ قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس میں آپریشن کے فیصلوں سے پہلے ان افراد کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے جو ان دہشت گردوں کی واپسی کے ذمے دار ہیں۔

اس سے قبل بھی کئی مرتبہ ایمل ولی پی ٹی آئی رہنماؤں پر تنقید کر چکے ہیں۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.