ہفتہ 17؍رمضان المبارک 1444ھ 8؍اپریل 2023ء

سپریم کورٹ صرف چیف جسٹس نہیں ہے، مصدق ملک

وزیر مملکت پیٹرولیم مصدق ملک نے کہا ہے کہ سپریم کورٹ صرف چیف جسٹس نہیں ہے۔

جیو نیوز کے پروگرام ’جیو پاکستان‘ میں گفتگو کرتے ہوئے مصدق ملک کا کہنا تھا کہ جسٹس اطہر من اللّٰہ نے کل صاف کہا کہ جو فیصلہ لکھا گیا وہ مختلف تھا۔

انہوں نے کہا کہ فیصلے کے خلاف سپریم کورٹ کے اندر سے آوازیں آرہی ہیں۔

ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ جسٹس اطہر من اللّٰہ نے اپنے نوٹ میں لکھا یہ چار۔تین کا فیصلہ ہے۔

مصدق ملک نے کہا کہ چیف جسٹس کو اپنے ادارے کی ساکھ کےلیے فل کورٹ بنانا چاہیے۔

صدر مملکت عارف علوی نے عدالتی اصلاحات بل 2023 آئین کے آرٹیکل 75 کے تحت نظرثانی کے لیے پارلیمنٹ کو واپس بھجوا دیا۔

وزیر پیٹرولیم کا کہنا تھا کہ صدر نے انکار کیا تو آئین کے تحت بل مشترکہ اجلاس میں پیش ہوگا، مشترکہ اجلاس میں منظوری کے بعد بل قانون بن جائے گا۔

عالمی مالیاتی فنڈ کے حوالے سے بات چیت پر مصدق ملک کا کہنا تھا کہ ہم نے انٹرنیشنل مانیٹری فنڈ (آئی ایم ایف) کی تمام شرائط مان لی ہیں۔ 

انہوں نے بتایا کہ آئی ایم ایف نے کہا آپ دوست ممالک سے بھی فنڈنگ کی کمٹمنٹ کریں۔ سعودی عرب نے دو ارب ڈالر کی کمٹمنٹ کی ہے۔ 

ان کا کہنا تھا کہ پیٹرول کی قیمتوں پر غریب عوام کو ریلیف دینا سبسڈی نہیں۔ یہ کوئی سبسڈی نہیں تھی اس لیے آئی ایم ایف سے ڈسکشن نہیں ہوئی۔

وزیر پیٹرولیم نے کہا کہ گیس لوڈ شیڈنگ پر تین دن میں سوئی سدرن کمپنی کے دفتر رہا۔

انہوں نے بتایا کہ کراچی میں گیس صبح 8 سے دوپہر ڈھائی بجے تک بند کی جاتی ہے، دوپہر ڈھائی بجے کے بعد گیس پریشر بلڈ ہو رہا ہوتا ہے جو سحری تک رہتا ہے۔ 

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.