جمعہ 16؍رمضان المبارک 1444ھ 7؍اپریل 2023ء

جسٹس اطہر من اللّٰہ کے اختلافی نوٹ پر فواد چوہدری کا تبصرہ

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے مرکزی رہنما فواد چوہدری نے کہا ہے کہ ہمارا بنیادی مسئلہ الیکشن ہیں جج یا بینچ نہیں۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر جاری بیان میں فواد چوہدری نے جسٹس اطہر من اللّٰہ کے تفصیلی اختلافی نوٹ پر تبصرہ کردیا۔

انہوں نے کہا کہ سیاسی فیصلہ سازی سیاسی جماعت کا استحقاق ہوتاہے، ایک جج کس طرح ڈکٹیشن دے سکتا ہے، جج کی آبزرویشن کتنی حیران کن ہے۔

فواد چوہدری نے مزید کہا کہ ہمارا بنیادی مسئلہ الیکشن ہیں جج یا بنچ ہمارا مسئلہ نہیں، جسٹس اطہر من اللّٰہ نے بھی اختلافی نوٹ میں 90 دن کے اندر انتخابات کا اصول تسلیم کیا ہے۔

پنجاب اور خیبر پختون خوا کے انتخابات سے متعلق از خود نوٹس کیس میں سپریم کورٹ کے جسٹس اطہر من اللّٰہ نے تفصیلی اختلافی نوٹ جاری کر دیا جس میں انہوں نے کہا ہے کہ انتخابات از خود نوٹس کیس تین چار سے مسترد ہوا۔

اس سے قبل ایک انٹرویو میں فواد چوہدری نے اعتراف کیا تھا کہ اسمبلیاں تحلیل کرنا پی ٹی آئی کی غلطی تھی ، ہم نے حساب کتاب میں غلطی کی۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہمیں ایسی صورتحال کی توقع ہی نہیں تھی کہ حکومت آئین کو نہیں مانے گی اور انتخابات نہیں کروائے گی ۔

فواد چوہدری نے یہ بھی کہاکہ حکومت میں موجود جماعتیں، اسٹیبلشمنٹ اور پی ٹی آئی کو چاہیے کہ وہ ایک میز پر بیٹھیں اور انتخابات کی طرف جائیں۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.