جمعرات 15؍رمضان المبارک 1444ھ 6؍اپریل 2023ء

یہ الیکشن ایک شخص کی انا اور خود پرستی کیلئے کروایا جا رہا ہے، رانا ثناء اللّٰہ

وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللّٰہ کا کہنا ہے کہ یہ الیکشن ایک شخص کی انا اور خود پرستی کیلئے کروایا جا رہا ہے۔

اسلام آباد ہائیکورٹ میں لائرز کمپلکس کے سنگ بنیاد کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے رانا ثناء اللّٰہ نے کہا کہ الیکشن ایک شخص کی تسکین اور ضد کیلئے کروائے جا رہے ہیں، ماضی میں متنارع الیکشن کی وجہ سے ملک کو نقصان پہنچا۔

انہوں نے کہا کہ اس سے پہلے جتنے بھی الیکشن ہوئے اس میں عدلیہ کا کردار رہا ہے، متنازع الیکشن سے ملک میں افراتفری کا خدشہ ہے، اس سے ملک کو ناقابل تلافی نقصان پہنچنے کا خدشہ ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہمیں تو کہا جا رہا ہے اربوں روپے دیں اور سیکیورٹی دیں، الیکشن میں سیکیورٹی بھی پوری نہیں ہوگی۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ جب تک فوج نہ ہو اور مکمل سیکیورٹی نہ ہو تو پھر ایک غدر مچے گا، ایک شخص کی ضد پوری کرنے کیلئے یہ سب کیا جا رہا ہے، 1971 اور 1977 کے الیکشن کو آج تک بھگت رہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ عوام میں جانے سے ہم کبھی نہیں گھبرائے، پنجاب اپنے بھائیوں کے ساتھ مل کر آگے بڑھنا چاہتا ہے، ہماری ذات کا نہیں ملک کے مفاد کا معاملہ ہے۔

رانا ثناء اللّٰہ نے کہا کہ الیکشن کے انعقاد میں عدلیہ کا اہم کردار ہے، متنازع الیکشن کا انعقاد صرف انا کی تسکین اور خودپرستی ہے، آپ ایک فرد واحد کی ضد کو مان کر غلط کر رہے ہیں، آپ سے گزارش کرتے ہیں آپ کسی کی ضد پر ملک کو نقصان نہ پہنچائیں۔

ان کا کہنا تھا کہ قیام پاکستان سے لے کر اب تک وکلاء نے ہر اوّل دستے کا کردار ادا کیا، اس وقت متنازع الیکشن کروانے کی کوشش کی جا رہی ہے، وکلاء برادری کو ایسے حالات میں اپنا کردار ادا کرنے کی ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) عوام کی خدمت پر یقین رکھتی ہے، اقتدار میں آکر وزیراعظم نے سب سے پہلے وکلاء سے ملاقات کی۔

انہوں نے مزید کہا کہ یہ ملک دولخت ہوا، دہشتگردی اور انارکی کا شکار ہوا، ماضی کے دو متنازع الیکشن نے ملک کو برباد کیا، دو لخت کیا۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.