پیر12؍رمضان المبارک 1444ھ3؍اپریل 2023ء

مشیر کھیل پنجاب نے رمضان المبارک اسپورٹس سیریز کا اعلان کردیا

مشیر کھیل پنجاب وہاب ریاض نے رمضان المبارک اسپورٹس سیریز کا اعلان کر دیا۔ پنجاب کے 9 ڈویژن کے درمیان 7 سے 11 اپریل تک لاہور میں مقابلے ہوں گے۔

پنجاب کے نگراں سیٹ اپ کے مشیر کھیل وہاب ریاض اور کمشنر لاہور علی رندھاوا نے نیشنل ہاکی اسٹیڈیم میں پریس کانفرنس کی۔

وہاب ریاض نے بتایا کہ رمضان المبارک میں 6 مختلف کھیلوں میں مقابلے کروانے جا رہے ہیں جن میں ہاکی، فٹبال، بیڈمنٹن، کبڈی، ٹیبل ٹینس اور کرکٹ شامل ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ بیڈمنٹن اور ٹیبل ٹینس کے مقابلوں میں خواتین بھی حصہ لیں گی۔

انہوں نے بتایا کہ فاتح کھلاڑیوں اور ٹیموں میں 85 لاکھ 50 ہزار روپے تقسیم کیے جائیں گے۔

کمشنر لاہور نے کہا کہ کھیلوں پر حکومت پنجاب کا پیسہ خرچ نہیں کیا جائے گا، پیسہ پرائیویٹ سیکٹر سے اکٹھا کر کے اسپورٹس ایونٹس پر لگایا جائے گا۔

رمضان اسپورٹس سیریز میں لاہور، فیصل آباد، گوجرانوالہ، ملتان، سرگودھا، راولپنڈی، بہاولپور، ڈی جی خان اور ساہیوال ڈویژن کی ٹیمیں شرکت کریں گی۔

نمایاں پوزیشن لینے والی ہاکی ٹیموں میں 47 لاکھ روپے کے انعامات تقسیم کیے جائیں گے۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.