فلسطینی نژاد امریکی سُپر ماڈل جیجی حدید نے بھی نیتا مکیش امبانی کلچرل سینٹر میں منعقد کی گئی بھارتی تہذیب کے رنگوں سے بھرپور تقریبات میں شرکت کی۔
جیجی حدید ان تقریبات کے دوسرے دن بھی موجود تھیں اور انہیں بھارت کے روایتی انداز میں سفید اور سنہری رنگ کی خوبصورت ساڑھی پہنے ہوئے دیکھا گیا۔
بھارتی ڈیزائنرز ابو جانی اور سندیپ کھوسلہ کو امریکی سُپر ماڈل کے لیے یہ منفرد اور خوبصورت ساڑھی تیار کروانے میں تقریباََ ایک سال لگا۔
جیج حدید نے فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر نیتا مکیش امبانی کلچرل سینٹر سے کچھ تصاویر اور ایک ویڈیو شیئر کی ہے۔
اُنہوں نے اپنی پوسٹ کے کیپشن میں لکھا کہ اس گالا کا آغاز ’انڈیا اِن فیشن: دی ایمپیکٹ آف انڈین ڈریس اینڈ ٹیکسٹائل آن دی فیشن ایبل امیجینیشن‘ کے عنوان سے ایک نمائش کے ساتھ ہوا جس کا مقصد بھارتی ثقافت کی حوصلہ افزائی اور بین الاقوامی سطح پر فیشن کے حوالے سے اس کی پذیرائی کرنا تھا‘۔
اُنہوں نے لکھا کہ بھارتی ڈیزائنرز ابو جانی اور سندیپ کھوسلہ کی ڈیزائن کی ہوئی خوبصورت ساڑھی کی نمائش کرنا میرے لیے اعزاز اور خوشی کی بات تھی۔
اُنہوں نے مزید لکھا کہ چکنکاری کی یہ ساڑھی بھارت کے علاقے لکھنؤ میں بنائی گئی اور اسے بنانے میں ایک سال لگا، اس ساڑھی کی تیاری میں شامل تمام عورتیں الگ الگ مختلف اقسام کی سلائی میں مہارت رکھتی ہیں اور یہ ان تمام خواتین کی قابل ذکر کاریگری ہے جسے میں کبھی نہیں بھولوں گی۔
سوشل میڈیا صافین نے بھی امریکی سُپر ماڈل کو ساڑھی پہنے دیکھ کر خوب تعریفیں کیں۔
Comments are closed.