کراچی پولیس کے اسپیشل انویسٹی گیشن یونٹ (ایس آئی یو) کے عملے نے سائٹ کے علاقے میں کارروائی کرتے ہوئے پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی سی ایل) کے زیر زمین کیبل چوری کرنے والے گروہ کو رنگے ہاتھوں گرفتار کر لیا۔
سینئر سپرنٹنڈنٹ پولیس (ایس ایس پی) ایس آئی یو جنید شیخ کے مطابق پی ٹی سی ایل نمائندوں کی اطلاع پر ان کی ٹیم نے سیمنز اسٹیٹ ایوینو روڈ سائٹ میں کارروائی کرتے ہوئے زیر زمین کیبل کاٹنے والے 4 ملزمان پر مشتمل گروہ کو گرفتار کیا۔
پولیس کے مطابق سلیم خان ولد مثل خان، عنایت خان ولد نیک محمد، نظام اللّٰہ ولد خان شیر اور یاسین خان ولد نور قلم خان کے قبضے سے چوری شدہ پی ٹی سی ایل کیبل کے 26 ٹکڑے، کیبل کاٹنے والے آلات اور منی ٹرک برآمد کیا گیا۔
گرفتار ملزمان نے انکشاف کیا ہے کہ وہ پی ٹی سی ایل کی کیبل کاٹ کر اپنے ہمراہ لائے منی ٹرک میں لوڈ کر کے لے جاتے ہیں اور قبل ازیں بھی کراچی میں اس طرح کی وارداتیں کر چکے ہیں۔
گرفتار ملزم عنایت اور ملزم سلیم خان پہلے بھی گرفتار ہوچکے ہیں جن کے خلاف مقدمات سعید آباد اور درخشاں تھانے میں درج ہیں۔
تاہم اب گرفتار ملزمان کے خلاف تھانہ ایس آئی یو میں بھی مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔
ملزمان کی گرفتاری و انکشافات سے متعلق کراچی کے تھانہ جات کو اطلاع کردی گئی ہے اور ملزمان سے تفتیش جاری ہے۔
Comments are closed.