ہفتہ 10؍رمضان المبارک 1444ھ یکم؍اپریل 2023ء

جسٹس جمال مندوخیل کا اختلافی نوٹ

الیکشن ملتوی کرنے کے خلاف درخواست کی گزشتہ روز کی سماعت کے حکم نامے میں جسٹس جمال مندوخیل نے الگ سے اختلافی نوٹ تحریر کر دیا۔

سپریم کورٹ کی جانب سے جسٹس جمال خان مندوخیل کا اختلافی نوٹ بھی جاری کیا گیا ہے۔

اختلافی نوٹ میں جسٹس جمال مندوخیل کی جانب سے کہا گیا ہے کہ حکم نامہ کھلی عدالت میں نہیں لکھوایا گیا۔

چیف جسٹس پاکستان عمر عطاء بندیال نے جسٹس جمال مندوخیل کو بات کرنے سے روک دیا اور کہا کہ بینچ کی تشکیل کا جو بھی فیصلہ ہو گا کچھ دیر بعد عدالت میں بتا دیا جائے گا۔

جسٹس جمال مندوخیل نے اختلافی نوٹ میں کہا ہے کہ حکم نامہ تحریر کرتے وقت مجھ سے مشاورت نہیں کی گئی۔

اختلافی نوٹ میں جسٹس جمال مندوخیل نے مطالبہ کیا ہے کہ جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کے فیصلے کا کھلی عدالت میں جائزہ لیا جائے۔

سپریم کورٹ آف پاکستان نے پنجاب اور خیبر پختون خوا میں انتخابات کے التوا کے کیس کی گزشتہ روز کی سماعت کا تحریری حکم نامہ جاری کر دیا۔

حکم نامے کے مطابق بینچ کے 3 ارکان جسٹس امین الدین کے مؤقف سے اختلاف رکھتے ہیں۔

آج سماعت شروع ہوئی تو جسٹس جمال خان مندوخیل نے کیس سننے سے معذرت کرتے ہوئے کہا کہ دعا ہے کہ اس کیس میں جو بھی بینچ ہو، ایسا فیصلہ آئے جو سب کو قبول ہو۔

سپریم کورٹ کے حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ جسٹس امین الدین نے اپنے فیصلے کی روشنی میں سماعت جاری رکھنے سے معذرت کر لی۔

حکم نامے میں عدالتِ عظمیٰ کا کہنا ہے کہ چیف جسٹس، جسٹس اعجاز، جسٹس منیب کے مطابق سماعت جاری رکھی جاسکتی ہے۔

عدالتِ عظمیٰ کے حکم نامے میں جسٹس مندوخیل کے سماعت جاری رکھنے یا نہ رکھنے پر کوئی رائے شامل نہیں ہے۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.