امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے کہا ہے کہ ججز کے درمیان تقسیم کے تاثر کا ازالہ الیکشن سوموٹو پر فل کورٹ بنانے سے ہوسکتا ہے۔
لاہور سے جاری اپنے بیان میں سراج الحق نے کہا کہ سیاسی جماعتوں نے مذاکرات نہ کیے تو رہی سہی جمہوریت بھی ختم ہو جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ قومی ادارے پی ڈی ایم اور پی ٹی آئی کی دھڑے بندی کا شکار ہوگئے۔ اداروں کے اندر جنگ کا آغاز بدترین حالات کا آئینہ دار ہے، ملک پر ایسا ٹولہ مسلط ہے جس نے عوام کا جینا عذاب بنا دیا۔
سراج الحق نے کہا کہ رمضان کے مقدس مہینے میں لاکھوں لوگ صبح آٹے کی تلاش میں نکلتے ہیں۔
امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ قطاروں میں گھنٹوں تضحیک اور تذلیل کے بعد 10 کلو کا تھیلا ملتا ہے۔ حکومت اتنی ناکارہ ہے کہ عوام کو آٹا دینے کی صلاحیت نہیں رکھتی۔
سراج الحق نے کہا کہ عدالتیں، اسٹیبلشمنٹ اور الیکشن کمیشن مکمل غیر جانبدار ہوجائیں، سیاسی جماعتیں قومی انتخابات کےلیے راضی ہو جائیں۔
Comments are closed.