جمعہ 2؍رمضان المبارک 1444ھ24؍مارچ 2023ء

خوف پھیلایا جارہا ہے تاکہ لوگ ڈر کر گھروں میں بیٹھ جائیں، عمران خان

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ خوف پھیلایا جارہا ہے تاکہ لوگ ڈر کر گھروں میں بیٹھ جائیں، اب تک ہمارے ایک ہزار کارکنوں کو گرفتار کیا گیا ہے، حسان نیازی باہر سے پڑھ کر آیا، ضمانت کے باوجود اس کو اٹھایا گیا۔

ٹیلیفونک خطاب میں عمران خان نے کہا کہ کل مینار پاکستان پر جلسے میں حقیقی آزادی کیلئے پلان دوں گا۔ اس سال مینار پاکستان پر ہمارا پہلا جلسہ ہوگا۔ انہوں نے ہر قسم کی رکاوٹ ڈالنی ہے آپ نے جلسہ گاہ پہنچنا ہے۔

چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا ہے کہ ملک میں طاقتور خود کو قانون سے بالاتر سمجھتے ہیں۔ عدالت نے واضح طور پر کہا کہ 90 دن میں الیکشن ہونے ہیں۔ الیکشن 30 اپریل کو ہونے کاعلان ہوا کل الیکشن کمیشن نے 8 اکتوبر کا اعلان کر دیا۔

انہوں نے کہا کہ آج ملک میں تاریخ کی سب سے زیادہ منہگائی ہے۔ تحریک انصاف کی حکومت میں یہ سب منہگائی کے خلا ف بیانات دیتے تھے۔ ہمارے دور میں آٹا 55 روپے اور آج مارکیٹ میں 155 روپے کلو مل رہا ہے۔ 

عمران خان کا کہنا تھا کہ اب تک ہمارے ایک ہزار کارکنوں کو گرفتار کیا گیا ہے۔ حسان نیازی باہر سے پڑھ کر آیا ضمانت کے باوجود اس کو اٹھایا گیا۔ جو ظلم کر رہے ہیں ان کو یہاں اور آخرت میں پوری سزا ملے گی۔ 

انہوں نے کہا کہ ملک میں سیاسی قیدیوں پر تشدد کیا جا رہا ہے۔ سوچ نہیں سکتا تھا کہ ہماری ریاست اتنا نیچے گر سکتی ہے۔ اظہر مشوانی کو غائب کردیا گیا اس کا قصور کیا ہے۔ 

عمران خان نے کہا کہ  14مارچ کو زمان پارک سے اسپیشل چائیلڈ فہد کو اٹھا کر لے گئے ہیں۔ فہد کی بہنوں کا پیغام آ رہا ہے کہ فہد کا کچھ پتا نہیں چل رہا۔ 

پی ٹی آئی سربراہ نے کہا کہ عامر مغل کے 11 سال کے بچے کو اٹھایا، کونسے ملک میں یہ ہوتا ہے۔ عدالت کو بتایا کہ میں پیشی کے لیے گیا یہاں گھر پر کارروائی کی گئی۔ 

انہوں نے کہا کہ اگر آپ جے آئی ٹی میں سنجیدہ ہے تو چیف جسٹس کی نگرانی میں بنائیں۔ یہ خوفزدہ ہیں میں آگیا تو احتساب ہوگا اس خوف سے یہ سارے ڈرامے ہو رہے ہیں۔ اگر حقیقی آزادی چاہتے ہیں تو سب کو قربانی دینا ہوگی۔ لوگ آٹے کے لیے لائنوں میں لگ کر مر رہے ہیں۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.