کراچی میں نجی بینک کے گولڈ لون اسکینڈل کی تحقیقات میں پیش رفت ہوئی ہے، وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) نے کراچی کے علاقے گلبہار میں جیولر شاپ پر چھاپہ مار کر ریکارڈ قبضے میں لے لیا۔
ذرائع کے مطابق ایف آئی اے گولڈ لون صارفین کے 106 جعلی کیسز کا تخمینہ مرتب کرنے والے جیولر سے پوچھ گچھ کر رہی ہے۔
چھاپہ مار کارروائی گلبہار کے علاقے میں قائم الحاج رحیم داد جیولرز پر کی گئی۔
کارروائی میں بینک کے لیے مرتب تخمینوں کی دستاویزات، چیک بکس اور مصنوعی زیورات برآمد ہوئے ہیں۔
جعلی گولڈ صارفین کو تخمینوں کے عوض جاری رقم کے اعداد و شمار اور دیگر ریکارڈ بھی تحویل میں لیا گیا ہے۔
حکام کے مطابق ایف آئی اے اینٹی منی لانڈرنگ سرکل کے ہاتھوں گرفتار ملزم محمد حسن اختر منی لانڈرنگ میں بھی مبینہ طور پر ملوث ہے۔
اس سلسلے میں درج مقدمے کے مطابق ملزم کی جعلسازی سے نجی بینک کو 400 ملین کا نقصان ہوا۔
ملزم نے اسکینڈل کی مرکزی ملزمہ عائشہ سے تخمینوں کی فراہمی کے عوض بیش قیمت گاڑی وصول کی تھی۔
ملزم اسکینڈل کے حوالے سے عزیز بھٹی تھانے میں درج مقدمے میں بھی گرفتار ہو چکا ہے۔
Comments are closed.