اسلام آباد میں مارگلہ ہلز شاہدرہ کے علاقے میں تیندوے کی ہلاکت کے معاملے میں پیشرفت سامنے آئی ہے۔
اسلام آباد وائلڈ لائف بورڈ نے تھانہ بھارہ کہو میں تیندوے کی ہلاکت کا مقدمہ درج کرنے کی درخواست دے دی۔
اندراج مقدمہ کی درخواست دینے والے وائلڈ لائف بورڈ کے مطابق 19 مارچ کی رات شاہدرہ کے علاقے میں تیندوے کی ہلاکت کا پتہ چلا۔
درخواست میں کہا گیا کہ20 مارچ کو ٹیموں نے پہنچ کر تیندوے کی باڈی کو ریسکیو سینٹر منتقل کیا۔
وائلڈ لائف بورڈ کی درخواست میں مزید کہا گیا کہ ایکسرے رپورٹ کے مطابق تیندوے کو 11 گولیاں مار کر ہلاک کیا گیا۔
درخواست میں کہا گیا کہ ملزمان تیندوے کے جبڑے، ٹانگیں اور دم کاٹ کر ساتھ لے گئے، وائلڈ لائف آرڈیننس کے تحت تیندوے کی ہلاکت کا مقدمہ درج کیا جائے۔
چیئرپرسن وائلڈ لائف منیجمنٹ بورڈ رانا سعید نے کہا ہے کہ شاہدرہ کا علاقہ مارگلہ ہلز کے کونے پر خیبرپختونخوا کے ساتھ واقع ہے، غیرقانونی شکار روکنے کےلیے علاقے میں سی ڈی اے کے تعاون سے چیک پوسٹ قائم کر رہے ہیں۔
Comments are closed.