پاکستان تحریک انصاف کے رہنما فواد چوہدری نے کہا ہے کہ لاہور میں عمران خان کے گھر پر بزدلانہ حملہ ہوا ہے۔
سوشل میڈیا پر انہوں نے لکھا کہ عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بیگم ایک پردہ دار گھریلو خاتون ہیں، چادر اور چار دیواری کے تمام اصول پامال کر کے پولیس گھر میں داخل ہوئی۔
فواد چوہدری نے لکھا کہ عمران خان کے گھر پر حملہ ریاستی دہشت گردی ہے، لاہور ہائیکورٹ کے احکامات ہوا میں اڑا دیے گئے ہیں۔
تحریک انصاف کے رہنما نے لکھا کہ ملک میں عدالتیں اور آئین معطل ہے، انسانی حقوق پامال ہیں۔
پی ٹی آئی کے رہنما شہباز گل نے بھی سوشل میڈیا پر اس آپریشن سے متعلق اپنا ردعمل دیا۔
شہباز گل نے ٹوئٹر پر لکھا کہ امکان ہے شام کی خبروں میں بتایا جائے زمان پارک سے ہیروئن، اسلحہ اور بارود برآمد ہوئے۔
انہوں نے لکھا کہ امکان ہے شام کی خبروں میں یہ بھی بتایا جائے کہ زمان پارک سے غیرملکی نقشے اور سازشی دستاویزات برآمد ہوئے۔
شہباز گل نے مزید لکھا کہ قانون اور انصاف کو سرکس بنا دیا گیا ہے۔
علاوہ ازیں پی ٹی آئی رہنما فرخ حبیب نے بھی سوشل میڈیا پر لکھا کہ پولیس نے عمران خان کی رہائش گاہ پر دھاوا بول دیا ہے۔
فرخ حبیب نے لکھا کہ بشریٰ بی بی اکیلی خاتون گھر میں ہیں، چادر اور چار دیواری کا تقدس پامال کیا جارہا ہے۔
انہوں نے یہ بھی لکھا کہ لاہور ہائیکورٹ کے حکم نامے کی بھی خلاف ورزی کی جارہی ہے۔
Comments are closed.