پاکستان مسلم لیگ (ن) کی سینئر نائب صدر اور چیف آرگنائزر مریم نواز کا کہنا ہے کہ پانامہ بینچ اور ثاقب نثار کو یہ قوم کبھی معاف نہیں کرے گی، پانامہ بینچ نے صرف ملک سے نہیں ملک کے غریب عوام سے دشمنی کی۔
فیصل آباد میں ن لیگ کے کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ ملک اچھا بھلا نواز شریف کی قیادت میں ترقی کر رہا تھا، ملک کی ترقی کا دشمن وہ پانامہ بینچ تھا جس نے نواز شریف کو دفتر سے نکالا۔
مریم نواز نے کہا کہ آصف سعید کھوسہ نے کہا کہ سڑکوں پر دھکے کیوں کھا رہے ہو؟ میرے پاس کیس لاؤ، میں نواز شریف کو نا اہل کرتا ہوں۔
رہنما مسلم لیگ ن نے کہا کہ فیصل آباد کا جلسہ ہمیشہ فیصلہ کن ہوتا ہے، ن لیگ نے 2013 کے بعد 22 گھنٹے کی لوڈ شیڈنگ کو زیرو لوڈ شیڈنگ میں بدلا، تاریخ گواہ ہے نواز شریف کے وزیر اعظم بننے کے بعد ہمیشہ ملک نے ٹیک آف کیا۔
مریم نواز نے کہا کہ شہباز حکومت کے ہاتھ عمران خان کے آئی ایم ایف معاہدے نے باندھے ہوئے ہیں، ہاتھ بندھے ہونے کے باوجود شہباز شریف نے پنجاب کے غریبوں کو مفت آٹا دینے کا اعلان کیا۔
انہوں نے کہا کہ زمان پارک سے بنی گالا تک صرف بھنگ کے اثرات نظر آتے ہیں۔
Comments are closed.