رواں ماہ پاکستان اور افغانساتن کے مابین شارجہ میں 3 ٹی 20 میچوں کی سیریز کھیلی جائے گی، اس سیریز کے لئے پاکستان کرکٹ بورڈ نئے کھلاڑیوں کو موقع دینے کی منصوبہ بندی کر رہا ہے۔
مستقبل کے لئے مضبوط اور متوازن ٹیم کی تشکیل دینے کے لئے پی سی بی نے پاکستان سپر لیگ 2023 میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے نوجوان اور باصلاحیت کھلاڑیوں کو مختصر فارمیٹ کی ٹی 20 کرکٹ میں آزمانے کا فیصلہ کیا ہے۔
قومی سلیکشن کمیٹی کے سربراہ ہارون رشید آئندہ چند روز میں افغانستان کے خلاف اسکواڈ کا اعلان کرنے جارہے ہیں۔
تاہم ذرائع کے مطابق افغانستان کے خلاف سیریز میں کپتان بابر اعظم، وکٹ کیپر محمد رضوان سمیت کئی کھلاڑیوں کو آرام دینے کی تجویز پیش کی گئی ہے جبکہ ٹیم کی قیادت کی ذمہ داری بائیں ہاتھ کے فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی کو دیئے جانے کا قوی امکان ہے۔
یاد رہے کہ پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) میں شاہین شاہ آفریدی نے بطور کپتان لاہور قلندرز کے لئے بہترین صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا ہے۔
اٖفغانستان کے خلاف ٹی 20 سیریز میں پاکستان اسکواڈ میں تین وکٹ کیپرز حسیب اللہ (پشاور زلمی )، اعظم خان ( اسلام آباد یونائیٹیڈ ) اور محمد حارث ( پشاور زلمی ) کو شامل کئے جانے کی توقع ہے۔
اس کے علاوہ پاکستان سپر لیگ 2023 میں شاندار کارکردگی سے سب کی توجہ حاصل کر نے والے پشاور زلمی کے صائم ایوب، ملتان سلطانز کے فاسٹ بولر احسان اللہ اور اسلام آباد یونائیٹیڈ کے آل راونڈر فہیم اشرف کیساتھ کراچی کنگز کے کپتان عماد وسیم کی قومی ٹیم میں واپسی کا قوی امکان ہے ۔
Comments are closed.